کلائمیٹ ایکشن کا مستقبل وضع کرنے کے لیے کوپ 28 شروع ہوگئی

دبئی، 30 نومبر، 2023 (وام) ۔۔ موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن (کوپ28 ) کے فریقین کی 28ویں کانفرنس جمعرات(30نومبر) کو ایکسپو سٹی دبئی میں شروع ہوگئی جو 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔
کوپ28 اب تک کا سب سے بڑا عالمی موسمیاتی ایونٹ ہے جس کی میزبانی متحدہ عرب امارات کر رہا ہے۔کانفرنس کے بلیو زون اور گرین زون دونوں میں ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں 5لاکھ شرکاء کی شرکت توقع ہے۔ بلیو زون کے لیے 97 ہزار اور گرین زون کے لیے 4لاکھ سے زیادہ لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
ان شرکاء میں حکومتی وزراء، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے نمائندے، نجی شعبے، مقامی افراد اور نوجوان شامل ہیں۔
اس تقریب میں دنیا بھر سے 180 سے زائد سربراہان مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔
کوپ28 تمام ممالک، شعبہ جات اور معاشرے کے تمام طبقات کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے زیادہ سے زیادہ موسمیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششوں میں تعاون کریں اور متحد ہوں۔
کانفرنس میں پیرس معاہدے کے اہداف کی جانب پیش رفت کا پہلا عالمی جائزہ لیا جائے گا ، جو کوپ21 میں کیا گیا تھا۔ کوپ28 پریذیڈنسی ایک عملی ایجنڈے کے ذریعے پرجوش مکالمے کے نتائج حاصل کرے گی جو آب و ہوا کے بحران سے نمٹنے کے لیے وعدوں کو ٹھوس پیش رفت میں تبدیل کرے گی۔
متحدہ عرب امارات تمام فریقین کے درمیان اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے ایک مہم کی قیادت کر رہا ہے اور تمام ماحولیاتی ایکشن موضوعات پر مطلوبہ پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے واضح روڈ میپ پر متفق ہے۔ یہ کوپ28 پریذیڈنسی کے ایکشن پلان پر مبنی ہے، جو توانائی کی منصفانہ اور منظم منتقلی کیاہ تلاش کرنے، موسمیاتی مالیات کی درستگی ، لوگوں، فطرت، زندگی اور معاش پر توجہ، اور شمولیت کو فروغ دینے کے چار مرکز ستونوں پرمبنی ہے۔
کوپ28 ٹیم زمین کے درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ اضافے سے بچنے کے امکان کو برقرار رکھنے کے بنیادی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے عالمی سطح پرایک سمجھوتہ کے حصول کیے لیے کوشاں ہے اس کے ساتھ ہی، یپریذیڈنسی کی توجہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے میں نوجوانوں کے اہم کردار کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔
کوپ28 میں دو ہفتوں کے لیے موسمیات سے متعلق مشائل کو حل کرنے کے لیے ایک جدید، خصوصی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔ پروگرام سے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک فریم ورک کے اندر مثبت شراکت کرسکتے ہیں۔
یہ پروگرام تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کھلی مشاورت کے ذریعے تیار کیا گیا ۔ اس کا مقصد موسمیاتی کوششوں کو متحرک کرنا ، پالیسی نفاذ میں تعاون ، اور کانفرنس کے بنیادی مقاصد کے مطابق مالی اور تکنیکی حل فراہم کرنا ہے۔
کوپ کی تاریخ میں پہلی بار، کوپ28 میں ایک دن صحت سے متعلق سرگرمیوں کے لیے وقف ہے، جس میں صحت اور آب و ہوا پر ایک وزارتی کانفرنس بھی شامل ہے۔ کانفرنس میں تجارت اور مالیات کے کردار کو بھی اہمیت دی گئی ہے اور آب و ہوا کے مباحثوں میں مذاہب کے لیے پویلین متعارف کرایا گیاہے۔
کوپ28 میں ایک دن دنیا بھر کے مقامی لوگوں کے لیے وقف کیا گیا ہے جس کے لیے ایک مخصوص پویلین ہے ۔ مقامی لوگ، جو عالمی آبادی کا 5 فیصد ہیں، اپنے 80 فیصد حیاتیاتی تنوع کی حفاظت کررہے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے طریقے تلاش کرنے میں معاشرے کے تمام طبقات سے تعاون کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، کوپ 28 میں کوپ کانفرنسز کی تاریخ میں سب سے بڑی تعداد میں میئرز کا خیرمقدم کیا جارہا ہے

بلیو زون: رسمی مذاکرات کا مرکز

بلیو زون کانفرنس کا ایک محدود حصہ ہے جو صرف یو این ایف سی سی سی سے منظور شدہ شرکاء، جن میں فریقین، عالمی رہنما، میڈیا نمائندےاور مبصرین شامل ہیں کے لیے مخصوص ہے۔ یہ کوپ28 یو اے ای کے دوران باضابطہ مذاکرات کا مرکز ہے جہاں عالمی رہنما، سینئر موسمیاتی پالیسی ساز، سائنسدان، اور مشیرعالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک محدود کرنے کے مشترکہ مقصد کے ساتھ شریک ہوں گے۔

گرین زون: کلائمیٹ ایکشن کے لیے عوامی حصہ

گرین زون ایک کھلی جگہ ہے جو عام لوگوں کو جدید موسمیاتی اختراعات، ٹیکنالوجیز، انٹرایکٹو نمائشوں، متاثر کن آرٹ تنصیبات، دلکش فلموں کی نمائش، اور موسمیاتی کارروائی پر دل چسپ بات چیت کے لیے خوش آمدید کہا گیا ہے ۔ ایکسپو سٹی دبئی میں پھیلا ہوا، گرین زون زائرین کو موسمیاتی سلیوشنز کی دنیا میں جانے اور زیادہ پائیدار مستقبل میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک

https://wam.ae/article/apwh2ek-cop28-begins-expo-city-dubai-shaping-future