ابوظہبی، 30 نومبر، 2023 (وام) ۔۔ ابوظہبی میں محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ (ڈی ایم ٹی) کے مربوط ٹرانسپورٹ سینٹر (آئی ٹی سی ) نے تواصل ٹرانسپورٹ،ادنوک ڈسٹری بیوشن، اور لفطيم آٹو موٹیو کے تعاون سے ہائیڈروجن سے چلنے والی پہلی ٹیکسی کا پائلٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس تعاون کا مقصد ماحول دوست ٹیکسی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نمایاں ترقی لانا ہے تاکہ شہری اور پائیدار ٹرانسپورٹ میں ابوظہبی کی صف اول کی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔
اس تعاون کامقصد صاف اور پائیدار توانائی سے چلنے والی ٹیکسیوں کو فروغ دینا، ابوظہبی کے ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنا بھی ہے جوکوپ 28 سے ہم آہنگ اور امارات میں توانائی کے موثر استعمال کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی تصدیق ہے۔
شراکت داروں کے درمیان تعاون ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹیکسیوں کے بہترین استعمال میں اہم کردار اداکرے گا،اس سے تواصل ٹرانسپورٹ کی سمارٹ ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹیکسیوں کی آپریشنل کارکردگی یقینی ہوگی۔
آئی ٹی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ماحول دوست ٹیکسیوں کا استعمال ابو ظہبی کی اپنی عالمی پائیداری کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے گرین ٹرانسپورٹ سسٹم کی جانب تیزی سے عالمی منتقلی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو تیز کرنے میں اہم قدم ہے۔
ابوظہبی ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹیکسیوں میں تبدیلی کرنے والے سرکردہ شہروں میں سے ایک ہے کیونکہ ایسی گاڑیوں کو روایتی طور پر ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کا متبادل سمجھا جاتا ہے اوریہ ماحول کے تحفظ اور کاربن کے اخراج کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے اہم حل ہیں۔
اس موقع پرآئی ٹی سی نے کہا کہ تواصل ٹرانسپورٹ اور شراکت داروں کے درمیان ہائیڈروجن سے چلنے والی پہلی سمارٹ ٹیکسی شروع کرنے کے لیے تعاون اس کی صاف توانائی، ٹیکسی ٹرانسپورٹ کے بیڑے کے کاربن اخراج کو کم کرنے، خدمات کو بڑھانے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کے عزم کی عکاسی ہے۔
آپریشنل ڈیٹا، بشمول کلومیٹرز سفر، استعمال شدہ ہائیڈروجن کی مقدار، آپریٹنگ اوقات، اور صاف ایندھن بھرنے کے عمل کے طریقہ کار کا اچھی طرح سے مطالعہ اور تجزیہ کیا جائے گا۔
تواصل ٹرانسپورٹ انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر کی نگرانی میں کام کرے گی تاکہ بڑے پروگراموں، تہواروں اور اہم دوروں کے دوران صاف توانائی اوراس کی سمارٹ ٹیکسیوں کے استعمال کے لیے حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے۔
تجزیہ کردہ ڈیٹا ٹیکسی ٹرانسپورٹ میں ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کی طویل مدتی فزیبلٹی کا تعین کرنے میں مدد کرے گا، مزید برآں، ہائیڈروجن کی پیداوار توانائی کے قابل تجدید ذرائع جیسے شمسی توانائی اور ہوا کی طاقت پر منحصر ہے اور اس وجہ سے ابوظہبی میں توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/article/apwh25p-integrated-transport-centre-deploys-first-pilot
ابوظہبی میں ہائیڈروجن سے پہلی ٹیکسی کا پائلٹ آپریشن شروع کرنے کااعلان
