شخبوت بن نہیان کاافریقہ میں صحت کے شعبے کیلئے220 ملین ڈالر کے وعدے کا اعلان

دبئی، 9دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان آل نھیان نے افریقہ میں نوجوانوں کے لیے صحت کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے صحت کے شعبے کے لیے 220 ملین ڈالر کی نئی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے "آج اور کل کے لیے صحت میں سرمایہ کاری" تقریب میں شرکت کے دوران کیا جو اس وقت ایکسپو سٹی دبئی میں جاری یو این فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج (COP28) کے لیے فریقین کی کانفرنس کے موقع منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری زیادہ مضبوط صحت کے نظام کی تعمیر میں تعاون کرتی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور براعظم کے نوجوانوں کو صحت کی موثر خدمات فراہم کرنے میں زیادہ لچک ہوتی ہے۔ اس تعاون سے افریقہ کے نوجوانوں کی اپنی کمیونٹیز اور ممالک کے لیے بہتر مستقبل کی تعمیر کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے تقریب کے دوران ایک کلیدی تقریر میں کہاکہ نوجوانوں میں سرمایہ کاری سے افریقی براعظم میں لاکھوں افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا اور ان کے لیے ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنایا جائے گا کیونکہ 25 سال سے کم عمر کے لوگ ملک کی آبادی کا 60 فیصد سے زیادہ ہیں۔ افریقہ براعظم کا مستقبل معیاری صحت اور تعلیمی خدمات اور نوجوانوں کے لیے سیکھنے کی مہارت پر منحصر ہے۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی جانب سے افریقی نوجوانوں کی صحت میں سرمایہ کاری کی اہمیت اور فوری ضرورت کے اعتراف کی عکاسی کرتا ہے تاکہ خوشحالی اور ترقی کے مواقع کو بڑھایا جا سکے اور متحدہ عرب امارات اور افریقی براعظم کے ممالک کے درمیان جاری شراکت داری اور اس کی حمایت کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان