کوپ28 میں موسمیاتی فنانس حقیقی پائیداری کی طرف اہم قدم

دبئی، 12 دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ اقوام متحدہ کی 28ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس یا یو این ایف سی سی سی کے فریقین کی 28ویں کانفرنس (کوپ28) میں موسمیاتی مالیات کے اہم مسئلے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ ترقی پذیر ممالک طویل عرصے سے اپنے علاقوں اور آبادیوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے لاسز اینڈ ڈیمجز سے نمٹنے کے لیے مالی امداد کا مطالبہ کررہے تھے ۔ ترقی یافتہ ممالک کے وعدوں کے باوجود ان فنڈز کو ابھی تک مکمل طور پر پورا نہیں کیا جا سکا ہے۔
موسمیاتی بحران کا شکار انتہائی کمزور ممالک کے لیے معاوضے کے ساتھ تخفیف اور موافقت منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے خاطر خواہ فنڈنگ ​​کی ضرورت ہے۔ یو این ایف سی سی سی کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن اسٹیل نے بھی اس حوالے سے کہا ہے کہ تمام محاذوں پر موسمیاتی کارروائی کو بڑھانے کے لیے فنانس کی بنیاد ہونی چاہیے۔
متحدہ عرب امارات نے نہ صرف کامیابی کے ساتھ لاسز اینڈ ڈیمجز فنڈ کونئی زندگی دی جسے ابتدائی طور پر شرم الشیخ میں کوپ27 میں زیر التواء چھوڑ دیا گیا تھا ، بلکہ موسمیاتی فنانس میں 83 ارب ڈالر سے زیادہ کو متحرک کیا جس سے موسمیاتی کوششوں میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔

کوپ28 میں کلائمیٹ فنانس میں اہم پیش رفت :

لاسز اینڈ ڈیمجز فنڈ: متحدہ عرب امارات، فرانس، اٹلی، جرمنی، برطانیہ اور یورپی یونین کے بڑے تعاون کے ساتھ فنڈ کے لیے تقریباً 80کروڑ ڈالر جمع کیے گئے ہیں۔

موسمیاتی قرض کی لچکدار شرائط :

بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور ممالک موسمیاتی قرض کے لیے نرم شرائط رکھنے کے پابند ہیں، عالمی بینک نے ایسی صورتحال میں قرض اور سود کی دو سال کی معطلی کا وعدہ کیا۔

گرین کلائمیٹ فنڈ کی بحالی:

گرین کلائمیٹ فنڈ کے لیے 3ارب 50کروڑ ڈالرکی نئی فنڈنگ ​​کا وعدہ کیا گیا ۔
موافقت اور ترقیاتی فنڈز:

اڈاپٹیشن فنڈ کے لیے 13کروڑ40لاکھ ڈالر، کم ترقی یافتہ ممالک کے فنڈکے لیے 12کروڑ93لاکھ ڈالر اورخصوصی موسمیاتی تبدیلی فنڈ کے لیے 3کروڑ 10لاکھ ملین مختص کیے گئے۔

کیٹلیٹک فنڈ:

متحدہ عرب امارات نے ALTÉRRA کے نام سے 30 ارب ڈالر کا کیٹلیٹک فنڈ شروع کیا، جس کا مقصد موسمیاتی کارروائی کے لیے عالمی سطح پر250ارب ڈالر اضافی جمع کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے خصوصی ڈرائنگ رائٹس کے ذریعے کمزور ممالک کی مدد کے لیے 20کروڑ ڈالراورپانی کی کمی کے حل کے لیے 15کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔
عالمی بینک نے 2024 اور 2025 کے لیے آب و ہوا سے متعلق منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے 9 ارب ڈالر سالانہ اضافے کا اعلان کیا۔
کثیر جہتی ترقیاتی بینک (ایم ڈی بیز) کلائمیٹ ایکشن کے لیے 22ارب 60کروڑ ڈالر سے زیادہ کے مجموعی اضافے کے لیے پرعزم ہیں۔
کوپ28 کے اختتام میں صرف چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، سربراہی اجلاس نے ممالک کو اکٹھا کیا اور موسمیاتی مالیات سے متعلق وعدوں کا ایک سلسلہ حاصل کیا ہے۔ یہ وعدے، ایک بار پورے ہونے کے بعد، دنیا کو زیادہ پائیدار مستقبل کی طرف لے جا سکتے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک