نیویارک، 22 دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ نفرت انگیز تقاریر، غلط اور جھوٹی معلومات پر اے آئی کے اثرات کے بارے میں متحدہ عرب امارات اور البانیہ کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ارریا فارمولہ اجلاس میں نائب وزیر خارجہ ایڈوانسڈ سائنس وٹیکنالوجی عمران شرف نے اے آئی گورننس کے لیے عالمی فریم ورک کی ترقی کے لیے یو اے ای کی ترجیحات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے اے آئی کو مناسب قومی یا علاقائی تناظر میں ترقی دینے اور ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں کے درمیان اقتصادی تفریق سے بچنے کے لیے اختلافات کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ارریا فارمولہ اجلاس کا مقصد بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے تناظر میں نفرت انگیز تقریر، غلط اور جھوٹی معلومات پھیلانے میں اے آئی کی طرف سے لاحق خطرے سے نمٹنا تھا۔ اجلاس میں ان مسائل کا مقابلہ کرنے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت تحفظات اور خود ضابطہ تیار کرنے کے لیے حکمت عملیوں کا مزید جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران، کونسل کو اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل برائے عالمی مواصلات میلیسا فلیمنگ ، ڈیجیٹل ماہر بشریات اور سیکرٹری جنرل کے اے آئی ایڈوائزری بورڈ کے رکن راہف ہرفوش اور Insikt Intelligence کے شریک بانی جینیفر ووڈارڈنے بریفنگ دی۔
شرف نے تکنیکی اور پائیدار ترقی کے لیے اے آئی کے ممکنہ فوائد، اے آئی سے متعلقہ خدشات کو دور کرنے کے لیے ایک مثر بین الاقوامی فریم ورک کے امکانات اور اے آئی گورننس کے چیلنجوں سے نمٹنے میں جامع بین الاقوامی پالیسیوں، علم کی منتقلی، اور تکنیکی صلاحیت کی تعمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کو اخلاقی فیصلے کرنے کی طرف رہنمائی کرنے کے برعکس، ہمیں اس کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں اچھی طرح سے تعلیم یافتہ ہونا چاہیے۔
شرف نے مزید عالمی پولرائزیشن سے بچنے کی اہمیت پر بھی زور دیا انہوں نے کہا کہ ہمیں تعاون کے شعبوں کو محفوظ رکھتے ہوئے علم کا تبادلہ کرنا چاہیے، بہترین طرز عمل تیار کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ضوابط سے ان ٹیکنالوجیز کے ممکنہ غلط استعمال کو روکا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی بحث نہ صرف سلامتی کونسل بلکہ وسیع تر بین الاقوامی برادری کو اے آئی سے وابستہ فوائد اور خطرات اور متعلقہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنے میں مدد کرے گی۔
متحدہ عرب امارات کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منتخب رکن کے طور پر دو سالہ مدت کا آخری ماہ ہے۔ اپنی پوری مدت کے دوران، متحدہ عرب امارات نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے تناظر میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر زوردیا۔
ترجمہ۔تنویرملک