ابوظبی، 5جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی ہدایات کے تحت زخمی فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کا آٹھواں گروپ متحدہ عرب امارات پہنچا۔ صدر مملکت نے ہدایت کی ہے کہ غزہ کی پٹی سے 1000 زخمی بچوں اور کینسر کے 1000 مریضوں کو متحدہ عرب امارات کے ہسپتالوں میں طبی علاج فراہم کیا جا ئے۔
العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ایک طیارہ ان 28 فلسطینیوں کو لےکرابوظہبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا جنہیں طبی امداد کی انتہائی ضرورت تھی۔ ان کے ساتھ ان کے اہل خانہ کے 35 افراد بھی طیارے میں سوار تھے۔ امارات نیوز ایجنسی (وام) کا نمائندہ بھی طیارے کے ساتھ تھااور ان کی آمد پر فلسطینی خاندانوں سے بات کی۔
انہوں نے فلسطینی عوام کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے "منفرد ماڈل" کی تعریف کی اور ان کے مصائب کو کم کرنے کے لیے انسانی اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ملک کے جامع اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس اقدام پر متحدہ عرب امارات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے ہسپتال زخمیوں اور کینسر کے مریضوں کے لیے اعلیٰ سطح کی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرتے ہیں جو ملک کی دانشمندانہ قیادت کی ہدایات کی عکاسی کرتے ہیں۔
بحران کے آغاز کے بعد سے متحدہ عرب امارات نے غزہ کی مستقل حمایت جاری رکھی ۔ متحدہ عرب امارات نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے 5 نومبر 2023 کو آپریشن "گیلنٹ نائٹ 3" کا آغاز کیا۔متحدہ عرب امارات نے فلسطینی عوام کوخوراک اور ہنگامی طبی امداد کی مسلسل فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے غزہ میں 150 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کیا جہاں اب تک 100 سے زیادہ اہم آپریشن کئے جاچکے ہیں۔
"گیلنٹ نائٹ 3" آپریشن کے اعدادوشمار کے مطابق 4 جنوری تک متحدہ عرب امارات کے اسپتالوں میں فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کے 395 کیسز موصول ہوئے ہیں جب کہ غزہ کے یو اے ای کے فیلڈ اسپتال میں موصول ہونے والے کیسز کی کل تعداد 1098 تک پہنچ گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے غزہ میں پانی کے بنیادی ڈھانچے کی سنگین صورتحال سے نمٹنے اور پینے کے صاف پانی تک فلسطینی عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے رفح میں چھ صاف کرنے والے پلانٹ بھی شروع کیے ہیں۔ پلانٹ روزانہ تقریباً 1.2 ملین گیلن پانی کو صاف کرتے ہیں اور انہیں غزہ تک پھیلے ہوئے پائپوں کے ذریعے پمپ کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے اداروں غزہ کی پٹی میں جنگ سے متاثر فلسطینی عوام کو امداد فراہم کرنے کے لیے ایک مہم نے 'طراحم - غزہ کے لیے' شروع کی تاکہ سب سے زیادہ کمزور طبقوں خاص طور پر بچوں ،خواتین اور بزرگوں کے مصائب کو کم کیا جا سکے۔ ان اقدامات کے تسلسل میں متحدہ عرب امارات کی یونیورسٹی نے غزہ کی پٹی کے 33 طلباء کو متحدہ عرب امارات کے خرچ پر تعلیم حاصل کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ اقدامات فلسطینی عوام کی حمایت، ان کی مشکلات کو کم کرنے اور انسانی ہمدردی کی مؤثر کوششوں کے ذریعے یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کی مثال ہیں۔
ترجمہ: ریاض خان