دبئی، 5 جنوری، 2024 (وام)۔۔ سمندری مال برداری کی عالمی قیمتوں میں سال 2024 کے شروع سے ہی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو نومبر 2022 کے اختتام کے بعد اب تک ہونے والا پہلا ریکارڈ اضافہ ہے ۔یہ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی کے دوران قیمتوں میں اضافے کا تسلسل ہے جس سے 2023 میں نیچے کی طرف جانے والا رجحان ختم ہوگیا ہے۔
ہفتہ وار بنیادوں پر، سمندری مال برداری کی قیمتوں کی پیمائش کے بالٹک انڈیکس کے مطابق، 4 جنوری 2024 تک، قیمتیں 29 دسمبر 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کی سطح کے مقابلے میں 85 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہیں ۔ 40فٹ کنٹینرکی اوسط شپنگ لاگت گزشتہ ہفتے $1,341 کے مقابلے میں $2,490 تک پہنچ گئی۔
ڈروری WCI کمپوزٹ انڈیکس کے مطابق، 21 دسمبر 2023 کی سطح کے مقابلے میں 4 جنوری کو 61 فیصدتک اضافہ ہوا،40 فٹ کنٹینر کی اوسط لاگت 1,661 ڈالرکے مقابلے میں 2,670 دالرتک پہنچ گئی۔
اس ہفتہ وار اضافے سے پہلے، جغرافیائی سیاسی واقعات کی وجہ سے گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی کے دوران قیمتوں میں اضافے کے باوجود، 2023 کے آخر میں قیمت کی سطحیں 2022 کے آخر میں اس سطح سے کم تھیں۔
بالٹک ڈرائی انڈیکس (بی ڈی آئی) کے مطابق، گزشتہ سال کے دوران عالمی سمندری مال برداری کی قیمتوں میں تقریبا 37.7 فیصد کمی واقع ہوئی 29 دسمبر 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے میں ایک عام 40 فٹ کنٹینر کی ترسیل کی لاگت 1,341 ڈالرتک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال 30 دسمبر 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے میں 2,152 ڈالرتھی۔
سال 2023 کے دوران 13 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ترسیل کی قیمتیں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، لاگت 2,238 ڈالرتک پہنچ گئی۔ 2023 کے دوران قیمتوں کی کم ترین سطح اکتوبر میں تھی، خاص طور پر 20 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں جب کنٹینر کی ترسیل کی لاگت 1,048 ڈالرتک پہنچ گئی۔ اس کے بعد، موجودہ سطح تک بتدریج اضافہ ہوا۔
گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر ایک عام 40 فٹ کنٹینر کی ترسیل کی لاگت1790.2 ڈالرتھی۔ اس کے بعد دوسری سہ ماہی کے اختتام پر یہ گر کر 1277.2 ڈالرپر آگیا اور سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر 1176.4 ڈالرتک کم ہوگیا۔
ڈروری WCI کمپوزٹ انڈیکس کے مطابق، اس میں 61فیصد کا اضافہ ہوا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے موجودہ ہفتے میں ہر 40 فٹ کنٹینر کے لیے 2670 ڈالرتک پہنچ گیا۔ اس میں بھی گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔
انڈیکس اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عام 40 فٹ کنٹینر کی موجودہ قیمت کی سطح2670 ڈالراب 2019 کی اوسط قیمتوں (وباء سے پہلے) سے 88فیصد زیادہ ہے، جو1420 ڈالرتھیں۔
ڈریوری ڈبلیو سی آئی کمپوزٹ انڈیکس کے مطابق، شنگھائی سے روٹرڈیم تک موجودہ ہفتے کے دوران شپنگ کی قیمتوں میں 115 فیصد اضافہ ہوا، جو فی کنٹینر 3577 ڈالرتک پہنچ گئی، جو کہ1910 ڈالر کا نمایاں اضافہ ہے۔ اس کے بعد، شنگھائی سے جینوا تک قیمتوں میں 114 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 2222 ڈالر فی کنٹینر سے بڑھ کر 4178 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسی طرح، شنگھائی سے لاس اینجلس تک قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 2726 ڈالرفی 40 فٹ کنٹینر ہے، اور شنگھائی سے نیویارک تک قیمتوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا، جوفی کنٹینر3858 ڈالرتک پہنچ گیاہے۔
ترجمہ۔تنویرملک