متحدہ عرب امارات کے صدر بھارت پہنچ گئے

احمد آباد، 9جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان آج بھارت کے ورکنگ دورے پر گجرات کے دارلحکومت احمد آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ایجنڈے میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید استوار کرنے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت شامل ہے۔

وہ وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ کے 10ویں ایڈیشن میں بھی شرکت کریں گے۔ احمد آباد، گجرات میں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انکااستقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بڑے پیمانے پر آرٹ ورک کا جائزہ لیا جس میں شیخ محمد بن زاید اور بھارتی وزیر اعظم کے پورٹریٹ تھے اور انہوں نے مقامی فنکاروں کے فن کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

وزیر اعظم نریندری مودی شیخ محمد کے ساتھ ہوائی اڈے سے آئے تو سڑکوں پر قطار میں کھڑے بھارتی عوام نےاماراتی اور ہندوستانی پرچم لہراتے ہوئے عزت مآب شیخ محمد بن زاید کا استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران عزت مآب شیخ محمد بن زاید کے ہمراہ ایک وفد بھی ہے جس میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طہنون بن زاید النہیان ؛ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، وزیر خارجہ؛ شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان؛ شیخ محمد بن حمد بن تہنون النہیان، صدارتی عدالت میں خصوصی امور کے مشیر؛ علی بن حمد الشمسی، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل؛ ڈاکٹر انور قرقاش، متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر؛ محمد حسن السویدی، وزیر سرمایہ کاری؛ ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت؛ ریم بنت ابراہیم الہاشمی، وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون؛ خلدون خلیفہ المبارک، ایگزیکٹو امور اتھارٹی کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن؛ جاسم محمد بو عتبہ الزابی، شعبہ مالیات کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن؛ سعید مبارک الحجیری، معاون وزیر خارجہ برائے اقتصادی اور تجارتی امور اور بھارت میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ڈاکٹر عبدالناصر الشالی شامل ہیں۔

ترجمہ: ریاض خان