خالد بن محمد بن زاید نے ابوظہبی میں خواتین اور بچوں کے لیے وقف میڈیکل سٹی کے قیام کی منظوری دے دی

ابوظہبی، 11 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے مخصوص میڈیکل سٹی کے قیام کی منظوری دی ہے۔

میڈیکل سٹی بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک سینٹر آف ایکسیلنس (سی اوای) کے طور پر شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی (ایس کے ایم سی)،خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے لیے مختص کارنیشے ہسپتال اوربحالی کی سہولت، اور خواتین اور بچوں کے لیے ایک ذہنی صحت کے مرکز پر مشتمل ہوگا۔

عزت مآب نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ صحت ابوظہبی اور پیور ہیلتھ کی طرف سے پیش کردہ میڈیکل سٹی کے منصوبے ابوظہبی کے ہیلتھ کیئرایکو سسٹم میں ایک اہم اضافہ ہوں گے۔

انہوں نے ایک مربوط اور صحت کے محتاط نظام کے تحت مزید اعلیٰ معیار، خصوصی سہولیات تیار کرنے کی ہدایات بھی دیں جو کمیونٹی کی موجودہ اور مستقبل کی صحت کی دیکھ بھال کی ضروریات کو پورا کرتے رہیں۔

عزت مآب کو بچوں کی دیکھ بھال میں سنٹر آف ایکسیلنس (سی اوای) قائم کرنے کے ایس کے ایم سی کے منصوبے کے بارے میں بتایا گیا۔ سی اوای بچوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں اضافہ کرے گا، جس میں 200 سے زیادہ ڈاکٹرز جدید ترین مہارت سے لیس ہوں گے۔ان خدمات میں 29 خصوصیات شامل ہیں،جن میں آنکولوجی،آپتھلمولوجی، نیورو سرجری، جگر، گردےاورآنتوں کی پیوند کاری، معدے، اور کارڈیک میڈیسن شامل ہیں۔

دورے کے دوران محکمہ صحت ابوظہبی کے چیئرمین منصور ابراہیم المنصوری، ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے سیکرٹری جنرل سیف سعید غباش،محکمہ صحت ابوظہبی کی انڈر سیکریٹری ڈاکٹر نورة خميس الغيثی اور پیورپیلتھ کی شریک بانی اور گروپ سی ای او شائستہ آصف موجود تھیں۔

سی او ای میں 250 بستروں کی گنجائش ہوگی، جس میں دماغی صحت کی خدمات کے لیے 10 بستر، اوربچوں کی صحت کے لیے 100 بستر شامل ہیں۔ یہ سنٹر بچوں کی صحت کے شعبے میں تحقیق اور جدت کیتقی کے لیے بھی کام کرے گا تاکہ جدید علاج تیار کیا جا سکے اور صحت کے پیچیدہ چیلنجوں والے بچوں کے لیے علاج کے نتائج کو بہتر بنایا جا سکے۔

عزت مآب نے نئے میڈیکل سٹی کے مربوط خدمات کے نظام کو مزید بڑھانے کے لیے کارنیش ہسپتال کی سہولیات کو شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی کے آس پاس منتقل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی، جو پیورہیلتھ گروپ کا حصہ ہے۔2027 میں کھولنے کے بعد نیا ہسپتال 205 بستروں پر مشتمل ہوگا ، جس میں 90 بچوں کے لیے وقف ہوں گے اور 15 زچگی وارڈ ہوں گے۔ 120 سے زیادہ ڈاکٹروں اور 460 نرسنگ اور مڈوائفری ماہرین پر مشتمل ٹیم زچگی اور امراض نسواں، تولیدی صحت اور خواتین کی ذہنی اور عمومی صحت کی سہولیات فراہم کرے گی۔

اس کے علاوہ، میڈیکل سٹی سلمیٰ چلڈرن ری ہیبلیٹیشن ہسپتال کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی ذہنی صحت کا مرکز بھی ہوگا۔


ترجمہ۔تنویرملک