ابوظہبی، 12 جنوری، (وام) -- متحدہ عرب امارات میں سیاحت کے شعبے میں تمام پہلوں میں اعلی کارکردگی کے نمایاں اشاریوں کے ساتھ رواں سال کے آغاز سے بحالی اور ترقی کی لہر دیکھی گئی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی سیاحتی سیزن خاص طور پر عالمی تقریبات کے مصروف ایجنڈے اور آنے والے عرصے میں ملک کی طرف سے میزبانی کی جانے والی اہم سرگرمیوں کے لیے نیک شگون ہے۔
"دنیا کے بہترین موسم سرما" کی مہم کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز اس ہفتے ملک میں سیاحتی منظر نامے پر حاوی رہا، جس سے ہوٹل اور قومی ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
دنیا کا سب سے ٹھنڈا موسم سرما
نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتومنے "دنیا کی بہترین موسم سرما" مہم کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا، "قومی سیاحت کا شعبہ سالانہ ترقی کا گواہ ہے۔ ہمارا ہدف 2031 تک جی ڈی پی میں اس شعبے کی شراکت کو 450 ارب درہم تک بڑھانا ہے۔
اس سال کی مہم میں "ناقابل فراموش کہانیاں" کے تھیم کے تحت ملک کی ہر امارات میں پرکشش مقامات کو نمایاں کیا جارہا ہے۔ اس میں متنوع پروگراموں اور ایونتس سے بھرپور کیلنڈر کے ساتھ تمام سیاحوں کو مکمل تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔
مثبت اشارے
متحدہ عرب امارات کے سیاحت کے شعبے نے ہر اشاریے میں مثبت کارکردگی کا ماظہرہ کیا ہے جنوری سے ستمبر 2023 کے دوران ملک میں ہوٹلز کی آمدنی 32.2 ارب درہم تک پہنچ گئی، جو کہ 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 27 فیصد کا اضافہ ہے۔ اس دوران ہوٹلز میں مہمانوں کی تعداد اسی مدت میں 20.2 ملین تک پہنچ گئی، جو 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال کے پہلے 9 مہینوں کے دوران ہوٹلز ایکوپینسی کی شرح بھی 75 فیصد تک پہنچ گئی جو 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصدزیادہ ہے ۔
بہترین منزل
دبئی کو مسلسل تیسرے سال دنیا کے سب سے بڑے ٹریول پلیٹ فارم ٹرپ ایڈوئزر کی جانب سے 2024 کے ٹریولرز چوائس ایوارڈز میں سرفہرست گلوبل ڈسٹینیشن کااعزاز دیا گیا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شہر نے یہ اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
ان ایوارڈز کے فاتحین کا انتخاب ایک منفرد انداز میں کیا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر سے لاکھوں مسافر مختلف مقامات، سرگرمیوں اور پیش کردہ تجربات کے بارے میں اپنے آزادانہ جائزے اور رائے دیتے ہیں۔
قومی ایئر لائنز
گزشتہ سال کے دوران، امارات ایئرلائنز نے تقریبا 150 شہروں کے لیے 164,400 سے زیادہ پروازیں چلائیں، جو مشرق وسطی اور افریقہ میں ایئرلائنز کے ذریعے آپریٹ کی جانے والی کل 819,150 پروازوں کی تعداد کا 20 فیصد ہے۔
ایئر لائن اور ہوائی اڈوں کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے والے خصوصی ادارے "Cirium" کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق، کمپنی گزشتہ سال مشرق وسطی اور افریقہ میں وقت کی پابندی کے لحاظ سے سرفہرست 10 ایئر لائنز میں شامل تھی۔
دوسری جانب، اتحاد ایئرویز 2024 میں نئی منزلوں کا آغاز کر رہی ہے، جس میں بوسٹن بھی شامل ہے، 31 مارچ سے 4 ہفتہ وار پروازوں کے ساتھ یہ امریکہ میں اس کا چوتھا اسٹیشن ہوگا، مزید برآں، یہ کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے لیے یکم مئی سے پروازیں شروع کرے گی۔
ایئر لائن نے نئے سال کے آغاز سے برصغیر میں دو نئی منزلیں بھی شامل کی ہیں جن میں ہندوستان کی ریاست کیرالہ کے شہر کوزی کوڈ اور ترواننت پورم شامل ہٰیں ۔ اس سے ہندوستان میں اسٹیشز کی کل تعداد 10 ہو جائے گی اتحاد ایئرویز کا قاہرہ کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 21 ،کولمبو کے لیے 7 ، اسلام آباد 14 ، اور مالدیپ کے لیے 14 پروازوں کا منصوبہ ہے۔
دریں اثنا، ویز ایئر ابوظہبی کو توقع ہے کہ 2024 کے لیے مسافروں کی تعداد اور آپریشنل صلاحیت میں 30 فیصد اضافہ ہوگا جس کا مقصد تقریبا 4 ملین مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔
1.22 ملین سیاح
راس الخیمہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر اے کے ٹی ڈی اے) کے مطابق 2023 اماات میں سیاحت کے لیے اب تک کا بہترین سال تھا، جس میں 1.22 ملین سیاحوں کی تعداد ریکارڈ کی گئی۔یہ اس کے زائرین کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جو 2022 کے مقابلے میں 8 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتی ہے، اس کے ساتھ بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں 24 فیصد کا نمایاں سالانہ اضافہ ہے۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ بین الاقوامی سطح پر 2,200 سے زیادہ ایونٹس سے مدد ملی، جن میں پروموشنل آفرز ،تجارتی نمائشیں اور میڈیا ایونٹس شامل تھے۔
قابل رسائی سیاحت
دبئی میں، چوتھی قابل رسائی سفر و سیاحت کی بین الاقوامی کانفرنس میں شہروں کو معذور افراد کے لیے مزید جامع اور مربوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔متحدہ عرب امارات کا مقصد قابل رسائی سیاحتی مقام بننا ہے، جو قابل رسائی سیاحت کے میدان میں ملک کی کامیابیوں کو بڑھانے کے لیے موثر اسٹریٹجک اقدامات اٹھارہا ہے۔
ایونٹس اور تہوار
موجودہ ہفتے میں متعدد ایونٹس اور تہواروں کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں ملک اور بیرون ملک سے سے شرکا اور سیاحوں نے شرکت کی ۔الوثبہ میں شیخ زاید فیسٹیول ان میں اہمیت کا حامل تھا ، جہاں ثقافتی، اور تفریحی سرگرمیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مزید برآں گزشتہ دنوں اختتام پزیر ہونے والا دبئی شاپنگ فیسٹیول کا 29 واں ایڈیشن، اور دبئی کراون پرنس کیمل ریسنگ فیسٹیول 2024 جو دبئی کیمل ریسنگ کلب کے زیر اہتمام مارموم ریس ٹریک پر منعقد ہوا۔ مزید برآں، 1 بلین فالورز سمٹ 2024 کا دوسرا ایڈیشن دبئی میں ہوا، جس میں 7,000 مہمانوں نے شرکت کی۔
ترجمہ۔تنویرملک