دبئی، 11 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ کابینہ امور کے وزیرمحمد عبداللہ القرقاوی نے کہا ہے کہ عالمی میڈیاکا شعبہ آج ایک اہم موڑ پر ہے جو میڈیا اور ٹیکنالوجی دونوں میں بڑی اور غیر متوقع تبدیلیاں لا سکتا ہے۔
وزیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے لیے ہمارا مقصد نئے میڈیا کے لیے ایک فوکل پوائنٹ بننا ہے۔ نائب صدر ، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دبئی میں انفلوئنسر کا ایک مستقل ہیڈ کوارٹر قائم کرنے کی ہدایت کی بدولت متحدہ عرب امارات انفلوئنسر زکے لیے ایک عالمی مرکز بنے گا۔
القرقاوی نےکہا کہ مواد تخلیق کرنا آسان کام نہیں ، کیونکہ مواد میں کمیونٹیز کی ترقی یا انہیں نیچے لانے کی طاقت ہے۔ خصوصی مواد تخلیق کرنے کے لیے مدد اور تربیت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت ایک فعال حکومت ہے، جیسا کہ عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم ہمیشہ کہتے ہیں کہ "ہم وہی کرتے ہیں جو ہم کہتے ہیں، اور ہم وہی کہتے ہیں جو ہم کرتے ہیں"۔ اور جب کہ بہت سے لوگوں نے کہا کہ عالمی معاشی بدحالی نے خوابوں کا خاتمہ کردیا ہے، لیکن متحدہ عرب امارات نے ثابت کر دیا کہ یہ ابھی شروع ہوا ہے… ہم مریخ پر پہنچ چکے ہیں؛ ہم قمری خلائی اسٹیشن کے منصوبے کا حصہ ہیں اور ہم ایک ثقافتی اور انسانی تبدیلی کو متاثر کررہے ہیں جو تمام انسانیت کی خدمت کرتی ہے۔ متحدہ عرب امارات کا مشن اپنے مثبت اثرات کو ہماری قومی حدود سے آگے بڑھاناہے۔
ون بلین فالورز سمٹ کے حوالے سے القرقاوی نے کہا کہ ایونٹ کا آغاز بڑا ہوا ہے اور اس کے دوسرے ایڈیشن میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے نئے میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مستقبل کے بڑے اور زیادہ بااثر ایڈیشنز کے انعقاد کا وعدہ کیا۔
ترجمہ۔تنویرملک