اے ڈی پورٹس، سی ایم اے سی جی ایم، Ecoceanمیں خلیفہ پورٹ پر سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کا معاہدہ

ابوظبی، 15جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ عالمی تجارت، لاجسٹکس اور صنعت کےایک اہم سہولت کار اے ڈی پورٹس گروپ اور سمندری، زمینی، فضائی اور لاجسٹکس کے حل میں ایک عالمی کھلاڑی سی ایم اے سی جی ایم گروپ اور آبی حیاتیاتی تنوع کیلئے کام کرنے والی کمپنی Ecocean نے سائنسی تعاون کے فریم ورک کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اسکےتحت خلیفہ پورٹ میں 48 بائیو ہٹس کی تنصیب کی جائے گی۔

حیاتیاتی تنوع کو بحال کرنے اور ساحلی اور بندرگاہی علاقوں میں سمندری زندگی کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا بائیو ہٹ ماڈیول ایک زیر آب ڈھانچہ ہے جو سمندری حیات کو پھلنے پھولنے کے لیے ایک محفوظ اور معاون مسکن فراہم کرتا ہے۔ ماڈیول خاص طور پر مختلف سمندری انواع بشمول مچھلی، کرسٹیشین اور دیگر سمندری حیات جو ساحلی ماحولیاتی نظام کی صحت کے لیے ضروری ہیں کے لیے پناہ اور افزائش گاہ فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

بائیو ہٹ ماڈیول ماڈیولر کیجز کی شکل میں آتے ہیں جو ماحول دوست، غیر زہریلے مواد سے بنائے جاتے ہیں اورسمندری جنگلی حیات کے لیے ایک ٹھوس، حفاظتی ڈھانچہ پیش کرتے ہیں جبکہ ماحول پر اس کے اثرات کو کم کرتے ہیں۔ ان ڈھانچوں کو خلیفہ پورٹ کے مخصوص علاقوں میں تعینات کیا جائے گا جہاں سمندری حیات کو مدد اور تخلیق نو کی ضرورت ہے۔

ائیو ہٹس کو پورٹ میں 2024 کی پہلی ششماہی میں سی ایم اے سی جی ایم گروپ کے مستقبل کے ٹرمینل پر نصب کیا جائے گا جو اس وقت زیر تعمیر ہے۔ یہ پائلٹ مرحلہ 5 سال تک جاری رہے گا جس میں نگرانی کا حصہ شامل ہے۔ چیف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنیکل سروسز آفیسراے دی پورٹس گروپ ڈیوڈ گیٹورڈ نے کہاکہ ہم جو بنیادی ڈھانچہ تیار کرتے ہیں وہ ہماری معیشت، صنعت اور کمیونٹی کے لیے کام کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنا زندگی کو برقرار رکھنے کے عمل کے لیے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی پورٹس گروپ میں ہم پائیداری کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کرتے ہیں اور مقامی کمیونٹی کے لیے ایک پائیدار میراث کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ ڈھانچے کو دوبارہ تیار کرتے ہیں۔ ماحولیاتی حالات کو بہتر بنانے کے لیے اپنے بنیادی ڈھانچے کو ڈھالنا بہت ضروری ہے جب کہ بنیادی طور پر پائیداری کے ساتھ نئے پروجیکٹس کو شعوری طور پر ڈیزائن کیا جائے۔

سی ایم اے سی جی ایم گروپ کے نائب صدر Félix de Carpentier نے کہاکہ جیو تنوع کا تحفظ گروپ کے ستون کا حصہ ہے جو گروپ کے پائیداری کے وعدوں کے مرکز میں ہے۔ ہم ماہرین کے ساتھ اس کے تحفظ کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھنے اور تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کی حمایت کرنے کے لیے برسوں سے کام کر رہے ہیں جو انسانی سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں معاون ہیں۔

ترجمہ: ریاض خان