کمیونٹی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے ڈی سی ڈی ، ادنوک میں معاہدہ

ابوظبی، 15جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ابوظہبی میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ادنوک نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد اپنے ملازمین کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور کمیونٹی میں سماجی بہبود کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کو فروغ دینا اور سماجی اور علمی تحقیق کا تبادلہ کرنا ہے۔

یہ معاہدہ ابوظہبی فیملی فلاح وبہبود حکمت عملی کے ساتھ ساتھ ادنوک کی انرجی فار ویلبیئنگ اسٹریٹجی کی حمایت کرتا ہے تاکہ اپنے ملازمین کے درمیان کام کی زندگی میں توازن پیدا کیا جاسکے۔ معاہدے پر ڈی سی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فنانشل اینڈ ایڈمنسٹریٹر افیئرز مازن الدہمانی اور ابوظہبی انرجی سنٹر میں گروپ بزنس سپورٹ اینڈ سپیشل ٹاسک کے ایگزیکٹو نائب صدر سیف عتیق الفالحی نے دستخط کئے۔ معاہدہ علم، انسانی وسائل میں مطالعہ اور بہترین طریقہ کار اور ملازمین کے لیے کام کی زندگی میں ہم آہنگی کو سہارا دینے کے لیے مہارت اور تجربے کے تبادلے کو ممکن بنائے گا۔

اس کے علاوہ ڈی سی ڈی اور ادنوک کو سماجی اور علمی تحقیق میں تعاون کرنے کے قابل بنائے گا تاکہ وہ سماجی پروگراموں کو تیار اور سپورٹ کریں جو بزرگ شہریوں، نوجوانوں، خواتین، خاندانوں، بچوں اور کمیونٹی میں خاندان کی دیکھ بھال سے محروم افراد کو مالی مدد، مہارتوں کی ترقی کے ذریعے بااختیار بنائیں۔ دونوں تنظیمیں رضاکارانہ مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی کام کریں گی اور اپنے ملازمین کو کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے رضاکارانہ کام میں مشغول ہونے کی ترغیب دیں گی۔

ڈی سی ڈی کے انڈر سیکرٹری حماد علی الظہری نے کہا کہ یہ معاہدہ تجربات، وسائل اور علم کے تبادلے کی مدد سے سماجی اور علمی تحقیق میں سائنسی طریقہ کار کی ترقی کے ذریعے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھا دے گا۔ مزید برآں معاہدے میں سماجی نگرانی پر رپورٹس کے تبادلے کے ساتھ ساتھ جدید سماجی اقدامات کی تجویز اور ان پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ کوششیں شامل ہوں گی جن کا مقصد مشاہدہ شدہ سماجی چیلنجوں سے نمٹنے اور ایک مثبت سماجی اثر پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ دونوں اداروں کو سماجی جدت پر سیمینار اور ورکشاپس منعقد کرنے کے قابل بنائے گا جس کا مقصد سماجی ترجیحات کو حاصل کرنے کے لیے نظریات کا تبادلہ کرنا اور طریقہ کار تیار کرنا ہے۔

ادنوک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیپل، کمرشل کارپوریٹ سپورٹ یاسر سعید المزروئی نے کہاکہ ہمارے لوگ ہمارا سب سے اہم اثاثہ ہیں۔ ہم ہمیشہ اپنے ملازمین کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے پرعزم رہے ہیں کیونکہ ہم متحدہ عرب امارات اور اپنے معاشرے کے لیے پائیدار قدر پیدا کرتے ہیں۔ ہمیں اس مقصد کی حمایت میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کرنے پر بہت خوشی ہے۔ یہ معاہدے ہماری 'انرجی فار ویلبیئنگ' کی حکمت عملی پر استوار ہیں اور ہمارے ملازمین کے درمیان کام اور زندگی میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ایک زیادہ ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لیے ہماری کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔

ترجمہ: ریاض خان