دبئی، 17 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کےنائب صدر،وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے بعد،محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (ایم بی آرجی آئی) نے غزہ میں صحت کے شعبے کی مدد کے لیے تقریباً 3کروڑ70لاکھ درہم (1کروڑڈالر) دینے کا وعدہ کیا ہے۔ جس کا مقصد غزہ کے لوگوں کو، خاص طور پر سنگین حالات سے شدید متاثرہ بچوں کو ضروری طبی امداد فراہم کرنا ہے۔
یہ امداد ایم بی آر جی آئی اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے درمیان دستخط شدہ لیٹر آف انٹینٹ کے تحت فراہم جائے گی ۔جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی کوششوں میں مدد فراہم کرتے ہوئے زندگی بچانے والی ہنگامی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یہ دستخط ڈیووس، میں 15 سے 19 جنوری کے درمیان منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم میں ایم بی آر جی آئی کی شرکت کے موقع پر کئے گئے، جس کا موضوع "ری بلڈنگ ٹرسٹ" تھا۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (ایم بی آر جی آئی) کے سیکرٹری جنرل محمد القرقاوی اور ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس کی جانب سے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے،جو ایم بی آر جی آئی کے غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے اور صحت کے شعبے کی حمایت کے عزم کی عکاسی ہے۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (ایم بی آر جی آئی)کے سیکرٹری جنرل محمد القرقاوی نے اس موقع پر کہا کہ غزہ کی پٹی میں ہمارے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی مدد عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کی عکاسی ہے۔ متحدہ عرب امارات اس مشکل وقت میں ان کی ضروری ضروریات کو پورا کرنے والی انسانی امداد اور امداد کی فراہمی کے ذریعے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے ساتھ ایم بی آر جی آئی کا حالیہ تعاون دونوں اداروں کو جوڑنے والی قریبی شراکت داری کا حصہ ہے۔ ایم بی آر جی آئی کی طرف سے مالی تعاون فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو وقف کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ثابت قدم انداز کی نمائندگی ہے۔
القرقاوی نے کہا کہ ایم بی آر جی آئی غزہ کے صحت کے شعبے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ یہ وہاں رہائشیوں کو ہنگامی صحت کی خدمات فراہم کر سکے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہاکہ ہم ایم بی آر جی آئی اورعزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے غزہ میں ڈبلیو ایچ او کی زندگی بچانے کی کارروائیوں کی حمایت کی۔ غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی حالات میں یہ امداد ایک اہم وقت پر دی گئی ہے جہاں صحت کی سہولیات پر حملوں اور طبی سامان کی قلت کی وجہ سے صحت کا نظام کافی حد تک خراب ہو چکا ہے۔
لیٹر آف انٹینٹ کے مطابق،ایم بی آر جی آئی غزہ میں صحت کے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کرنے میں ڈبلیو ایچ او کی مدد کرے گا، جن میں ہسپتالوں کی معاونت، ہنگامی طبی سامان اور لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی، صحت کی خدمات کی پیشکش، خاص طور پر بچوں کے لیے ذہنی اور سماجی مدد کو یقینی بناناشامل ہیں۔
ایم بی آر جی آئی فنڈز فلسطینی علاقوں میں ڈبلیو ایچ او کے آپریشنل پلان کی حمایت کرےگا ، جس کا ہدف بنیادی طور پر غزہ میں زندگی بچانے والے طبی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات کو رواں رکھنے کے لیے ضروری ایندھن کی فراہمی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک