ابوظبی، 19جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو یوکرین کے صدر عزت مآب ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلی فون کرکے متحدہ عرب امارات کی ثالثی کی کوششوں کے لیے انکی تعریف کی جس کے نتیجے میں روس اور یوکرین کے درمیان اہم قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور یوکرین کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں اور انہیں مزید فروغ دینےکے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یوکرین بحران کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور کا جائزہ لیا۔ شیخ محمد بن زاید نے بحران کے سفارتی حل کے لیے مذاکرات اور افہام و تفہیم کے حوالے سےمتحدہ عرب امارات کے موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تنازعات کے حل اور انسانی مسائل کم کرنے کے تمام اقدامات کیلئے متحدہ عرب امارات کی حمایت کے عزم پر زور دیا ۔ صدر ولادیمیرزیلنسکی نے یوکرائنی عوام کو متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کی جانے والی مسلسل انسانی امداد پر عزت مآب شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمہ: ریاض خان