ابوظہبی فورم برائے امن نے امن، رواداری کے کلچر کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کے وژن کو نمایاں کیا

ڈیووس، 20 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی فورم فار پیس کے سیکرٹری جنرل شیخ المحفوظ بن بیہ نے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مذاہب کے کردار پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کی 28ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ28 )کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات کی شاندار کامیابی کے تناظر میں انہوں نے دنیا بھر میں امن اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کے وژن، پائیدار ترقی میں اس کے سرفہرست کردار، اور ایک ایسی دنیا کے قیام کے لیے اس کے مطالبے پر روشنی ڈالی جو سب کے لیے سلامتی، استحکام، ترقیاتی اور اقتصادی خوشحالی کی ضمانت دیتی ہو۔
ڈیووس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے 54 ویں سالانہ اجلاس کی تقریبات میں شرکت کے دوران شیخ المحفوظ بن بیہ نے روم کال فار اے آئی کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے اخلاقیات کے تصورات کو فروغ دینے میں ابوظہبی فورم فار پیس کے کردار کا جائزہ پیش کیا ۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت میں اخلاقیات اور گورننس کے کردار کے جائزہ کے لیے دسمبر 2023 میں لندن میں شروع کی گئی پہلی مصنوعی ذہانت اور سول سوسائٹی کمیٹی کے قیام میں فورم کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
فورم نے "کونسل آف 100" کی ایگزیکٹو کونسل کے تحت شرکت کی ، یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کا آغاز ورلڈ اکنامک فورم نے کیا ہے جس کا مقصد عالم اسلام اور مغرب کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
شیخ المحفوظ بن بیہ نے عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین کلاس شواب کی زیر صدارت بند کمرہ میں ہونے والی گول میز میں شرکت کی۔ گول میز میں شرکا کی ایک محدود تعداد شامل تھی جنہوں نے جدید دنیا کے چیلنجز اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں سول سوسائٹی کے کردار کا جائزہ لیا۔
ابوظہبی فورم فار پیس کے سیکرٹری جنرل نے ایک ایسا عالمی نظام بنانے پر زور دیا جو انسانی وقار کی حفاظت اور اس کا موثر طریقے سے تحفظ کرتا ہو، مساوات، انصاف کی اقدار پر مبنی مذہبی، ثقافتی اور نسلی اختلافات سے بالاتر ہو اورمذہبی اور انسانی اقدار میں موجود تنوع کو قبول کرتا ہو۔
ترجمہ۔تنویرملک