ورلڈ آف کافی 2024 کل سے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹرمیں شروع ہوگی

دبئی، 20 جنوری، 2024 (وا م )۔۔ ورلڈ آف کافی 2024 اتوار، اکیس جنوری سے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر (ڈی ڈبلیو ٹی سی ) میں شروع ہوگی۔
ڈی ڈبلیو ٹی سی کی ایونٹ مینجمنٹ اور تجرباتی ایجنسی ڈی ایکس بی لائیو اور انٹرنیشنل کافی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام، پریمیئر ایونٹ ڈی ڈبلیو ٹی سی کے زعبیل ہالز 4، 5 اور 6 میں منعقد ہوگا، جس میں 51 ممالک کے 1,650 سے زیادہ نمائش کنندگان اور برانڈز سمیت سات قومی پویلین شرکت کریں گے ۔
23 جنوری 2024 تک جاری رہنے والی نمائش کے تیسرے ایڈیشن کے دوران شرکا کو کافی انڈسٹری سے متعلقہ تازہ ترین پیشرفت، مصنوعات اور خدمات کے بارے میں جاننے کا ایک منفرد موقع ملے گا۔ نمائش دنیا بھر سے شراکت داروں، سپلائرز، اور خریداروں کے ساتھ علم،خیالات اور تجربات کو شیئر کرنے کا ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔
ورلڈ آف کافی دبئی 2024 کے ایگزیبیشن مینیجر شوق بن رضا نے کہا کہ یہ عالمی ایونٹ متحدہ عرب امارات خاص طور پر دبئی میں کافی صنعت کی مجموعی ترقی کو نمایاں کرے گا۔ دبئی کی جانب سے اس تقریب کی میزبانی اس شعبے میں ایک علاقائی اور عالمی مرکز کے طور پر اس کے اہم کردار کا ثبوت ہے۔ ہم نمائش کنندگان، زائرین، اور شرکا کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ یہ نمائش شرکا کو غیر معمولی تجربات، انٹرایکٹو ایونٹس کے ساتھ ساتھ تعاون اور نیٹ ورکنگ مواقع فراہم کرے گی۔
دنیا بھر سے کئی معروف کمپنیاں اور برانڈز نمائش میں شرکت کررہی ہیں ۔ ان میں سے 60 فیصد سے زیادہ کمپنیاں اور برانڈز لگاتار تیسری بار حصہ لے رہے ہیں، جن میں برازیل، کولمبیا، فرانس، ایتھوپیا، یونان، ترکی، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ، سویڈن، اسپین، رومانیہ، سنگاپور، قطر، پاناما، عمان ، میکسیکو، جنوبی کوریا، اردن، انڈونیشیا، بھارت، جارجیا، ڈنمارک، جمہوریہ چیک، بولیویا، بیلجیم، آسٹریا، چین، یوکرین، برطانیہ امریکہ اور سعودی عرب کی کمپنیاں اور برانڈز شامل ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک