ابوظہبی، 20 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ امارات ڈیفنس کمپنیز کونسل (ای ڈی سی سی) ابوظہبی قومی نمائشی مرکز (ایدنیک) میں 22 سے 25 جنوری 2024 تک ہونے والی بغیر پائلٹ سسٹمز کی نمائش یومیکس اینڈ سمولیشن ٹریننگ (سم ٹیکس) کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کرے گی۔ یہ ایونٹ ابوظہبی کے نائب حکمران عزت مآب شیخ ھزاع بن زاید النہیان کی سرپرستی میں منعقد ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں دفاعی اور سیکیورٹی صنعت کے ایک اہم ادارے ای ڈی سی سی کا اس نمائش میں سٹینڈ خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اس میں وزارت صنعت وجدید ٹیکنالوجی، ابوظہبی محکمہ برائے اقتصادی ترقی، ایس اے اے بی گروپ، کینیڈین ایوی ایشن الیکٹرانکس( سی اے ای) اور Avantguard جیسے متعدد سرکردہ سرکاری ادارے اور کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ اس میں مصنوعی ذہانت اور خود مختار ٹیکنالوجیز کی مدد سے جدید ترین دفاعی مصنوعات پیش کی جائیں گی۔
اس حوالے سے ، ای ڈی سی سی کی چیئر وومن منی احمد الجابر نے کہاکہ یومیکس اور سم ٹیکس 2024 متحدہ عرب امارات کی دفاعی صنعت کے لیے قومی نمائندہ ادارے کے طور پر کونسل کے کردار کو اجاگر کرنے کا ایک موقع ، جس کا مقصد قومی اور بین الاقوامی دفاعی ٹھیکیداروں اورا ی ڈی سی سی کی رکنیت کے خواہاں اداروں کے درمیان رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد مقامی صنعت کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے ایک مضبوط بنیاد قائم کرنے کے لیے خصوصی مہارت سے فائدہ اٹھانا ہے، جس کے نتیجے میں امید افزا مواقع اور مشترکہ تعاون کو فروغ ملے گا۔
الجابر نے بتایا کہ ای ڈی سی سی کی ذمہ داریوں میں یو اے ای کے قومی پویلین کا انعقاد اور دنیا بھر میں دفاع سے متعلق مختلف نمائشوں اور تقریبات میں باضابطہ شرکت کے ساتھ ساتھ بامعنی اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنا ہے ۔
یومیکس اور سم ٹیکس مشرق وسطی کا واحد ایونٹ ہے جو ڈرونز، روبوٹکس، آلات اور بغیر پائلٹ سسٹمز کے لیے وقف اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو پیش کرنے کا ایک غیر معمولی پلیٹ فارم ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک