کمپالا، یوگنڈا، 18 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ وزیر مملکت خلیفہ شاہین المرر نے غیروابستہ تحریک کے وزارتی اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت کی، جو 17 سے 18 جنوری تک کےیوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منعقد ہوا۔اجلاس تحریک کے 19ویں سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا۔
اپنے خطاب میں المرر نے تقریب کی میزبانی کرنے پر یوگنڈا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا، اور اس کی قیادت کو 2024-2027 کی مدت کے لیے صدارت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے آذربائیجان کے گزشتہ اجلاس کے صدارتی دور کے دوران کی جانے والی کوششوں پر بھی شکریہ ادا کیا۔
المرر نے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر مبنی مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے کثیرالجہتی اور تعاون کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ چارٹر کے مقاصد کے علاوہ ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کے لیے تحریک کے اصولوں اور وژن کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے امن کی ثقافت کو مستحکم کرنے، طاقت کے استعمال اور ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریزکرنے، ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادیوں کا احترام اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کو بین الاقوامی قانون کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم پر زور دیا۔
المرر نے ایران کے زیر قبضہ تین اماراتی جزیروں کے معاملے پر متحدہ عرب امارات کے غیر متزلزل اور ثابت قدم موقف پر زور دیا، جو اس کی پرامن کوششوں اور اقدامات کی حمایت کو ظاہر کرتا ہے جس کا مقصد دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کرنا یا اس معاملے کو بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور قواعد کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں بھیجنے پر رضامند ہونا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت نے غزہ کی پٹی کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ترجیح جنگ بندی تک پہنچنا، شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ، مناسب اور پائیدار امداد اور طبی امداد فراہم کرنا اور علاقائی سطح پراس تنازعہ کو بڑھنے سے روکنا ہے۔
اس سلسلے میں، المرر نے "گیلنٹ نائٹ 3" اقدام کے تحت متحدہ عرب امارات کی کوششوں، اور غزہ کی پٹی میں شہریوں کو بھیجی جانے والی مسلسل امداد کے ساتھ ساتھ بحران شروع ہونے کے بعد سے کشیدگی کو روکنے، جنگ بندی تک پہنچنے، امن کی بحالی اور مزید جانی نقصان کو روکنے کی سفارتی کوششوں اور رابطوں کا جائزہ پیش کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنی غیر مستقل رکنیت کے دوران قرارداد 2712 (2023) اور 2720 (2023) کو منظور کرنے میں متحدہ عرب امارات کی کامیاب کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
سوڈان میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارتی کوششوں کو تحمل، کشیدگی میں کمی اور تنازعہ کے خاتمے کی کوششوں کے ساتھ مربوط ہوبا چایئے۔
اس کے علاوہ المرر نے یو اے ای کی جانب سے اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج (کوپ28) کے 28ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کا حوالہ دیا، جہاں تاریخی 'متحدہ عرب امارات کا اتفاق رائے' کی منظوری دی گئی۔
المرر نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات 12 سے 14 فروری تک 'شیپنگ دی فیوچر گورنمنٹس' کے موضوع کے تحت عالمی حکومتی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں حکومتی رہنما، عالمی ماہرین اور فیصلہ ساز مستقبل کے طریقہ کار کے لیے ضروری ٹولز اور پالیسیوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے شریکہون گے۔ متحدہ عرب امارات 26 سے 29 فروری تک ابوظہبی میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی 13ویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی بھی کرے گا، جس سے تنظیم کے مستقبل اور کثیر الجہتی تجارتی نظام کو نئی تحریک ملے گی۔
مزید برآں، المرر نے تجارتی آزادیوں اور دنیا بھر میں اشیاء اور خدمات کے آزادانہ بہاؤ کو محفوظ بنانے اور افراط زر کے دباؤ کو کم کرنے اور لچکدار اور پائیدار سپلائی چین فراہم کرنے کے لیے تحفظ پسند پالیسیوں اور رکاوٹوں کو مسترد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے، تجارت اور بحری تجارتی نقل و حمل کی آزادی کو لاحق خطرات کو کم کرنے اور بحری جہاز رانی کی آزادی کو خاص طور پر غیر ریاستی عناصر اور دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی کارروائی کی ضرورت پرزور دیا۔
ترجمہ۔تنویرملک
خلیفہ المررکی زیرقیادت اماراتی وفد کی کمپالا میں غیر وابستہ تحریک کے وزارتی اجلاس میں شرکت
