شارجہ،22 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور شارجہ رئیل اسٹیٹ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام "ACRES 2024" کی سرگرمیاں شارجہ ایکسپو سینٹر میں 17 سے 20 جنوری تک جاری رہیں۔ اس نمائش نے تمام منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 1.4 ارب درہم سے زائد کے رئیل اسٹیٹ سودے حاصل کیے اور نجی اور سرکاری رئیل اسٹیٹ اداروں کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے اندر اور باہر سے شہریوں، رہائشیوں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کی جانب سے بہت زیادہ عوامی شرکت دیکھی گئی۔
نمائش کنندگان اور زائرین نے نمائش کی شاندار تنظیم اور انتظام کی تعریف کی۔ اپنی ممتاز ساکھ کی وجہ سے نمائش نے ریئل اسٹیٹ بروکرز، مالیاتی اداروں، قانونی خدمات کی کمپنیوں، سیکیورٹی سلوشنز کے وسیع میدان عمل کی شرکت کے علاوہ خطے اور دنیا کی بڑی کمپنیوں کی 93 سے زیادہ خصوصی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کو راغب کیا۔
شارجہ کی ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے امارات میں منصوبوں کے لین دین کے لیے رجسٹریشن فیس کو کم کرنے کا فیصلہ جو خصوصی طور پر نمائش کے دنوں میں لاگو کیا گیا تھا ۔ اس نے ڈویلپرز کو تازہ ترین اور اہم ترین نئے منصوبوں کی نمائش کے لیے ترغیب دینے میں بھی تعاون کیا۔ یہ فیصلہ ان اقدامات میں سے ایک ہے جو کاروباری برادری کی حمایت کرتا ہے، اقتصادی میدان میں اس کے کردار کو بڑھاتا ہے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ مزید برآں اس سال ACRES نے اپنے رقبے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد اضافہ حاصل کیا تاکہ رئیل اسٹیٹ اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تعداد میں بڑے اضافے کو پورا کیا جا سکے اور کمپنیوں کو اپنے منصوبوں کو مہمانوں کے سامنے پیش کرنے کے لیے ضروری جگہ فراہم کی جا سکے۔
نمائش میں آنے والوں نے نمائش کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کی طرف سے فراہم کی گئی تنظیم کی سطح اور شاندار خدمات کے علاوہ نمائش کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے شرکت کرنے والے بینکنگ اداروں کے تعاون سے فراہم کی جانے والی مراعات اور مالی سہولیات کی تعریف کی۔ زائرین نے منصوبوں کے تنوع اور پرتعیش رئیل اسٹیٹ یونٹس کی بھی تعریف کی جو تمام ذوق پر پورا اترتے ہیں اور ان میں رہائشی اپارٹمنٹس، تجارتی اور صنعتی رئیل اسٹیٹ منصوبے شامل ہیں۔
شارجہ رئیل اسٹیٹ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعزیز احمد الشمسی نے کہاکہ اس سال ACRES شارجہ نمائش بڑے رئیل اسٹیٹ سودوں کو انجام دینے میں کامیاب رہی جو امارات میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کی عکاسی کرتی ہے۔ محکمہ نے نمائش کے دنوں میں 1.1 ارب درہم مالیت کے رئیل اسٹیٹ سودے ریکارڈ کیے جبکہ محکمے کی جانب سے کیے گئے سیلز اور فائنل کنٹریکٹ کے لین دین کی تعداد 700 تک پہنچ گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ محکمہ نمائش کے اندر دو پلیٹ فارمز میں شرکت کا خواہشمند تھا تاکہ صارفین اور سرمایہ کاروں کے لیے تمام طریقہ کار کو آسانی سے انجام دیا جا سکے۔
ہمیں سینکڑوں گاہک موصول ہوئے اور ان کے لین دین پر تیزی، شفاف اور درست طریقے سے کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ ہم نے محکمہ کی طرف سے رہائشیوں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں زائرین کے سوالات اور استفسارات کے جوابات دیے۔
الشمسی نے شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ شعبہ اور "لیڈر ایونٹس مینجمنٹ" کمپنی کی طرف سے نمائش کی ممتاز تنظیم کی تعریف کی۔ انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والی تمام جماعتوں اور کمپنیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر جنرل محمد احمد امین العوادی نے تصدیق کی کہ "ACRES 2024" کے ذریعے حاصل کی گئی شاندار کامیابی نمائش کے ذریعے پائیدار ترقی کی حقیقی عکاسی اور نمایاں پوزیشن کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ خطے میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں مہارت حاصل کرنے والی سب سے بڑی اور اہم ترین نمائشوں میں سے ایک کے طور پر موجود ہے۔
انہوں نے رئیل اسٹیٹ نمائش "ACRES" کو بڑھانے کے فیصلے اور "ACRES دبئی نمائش" کے آغاز کے اعلان کی بھی تعریف کی جو 2008 میں شروع ہونے کے بعد سے شارجہ کے سیشنز کے ذریعے حاصل کی گئی شاندار کامیابی کی روشنی میں آئی ہے۔
ترجمہ: ریاض خان