ایکسپو سٹی دبئی 'روٹس اینڈ شوٹس' کے خطے کے پہلے مستقل دفتر کے لیے منتخب

دبئی، 22 جنوری، 2024 (وام) -- نوجوانوں کے لیے پائیداری اور ماحولیات سے متعلقہ مواقع میں پیش رفت کے مشترکہ مشن کے ساتھ، ایکسپو سٹی دبئی نے جین گوڈال انسٹی ٹیوٹ کے روٹس اینڈ شوٹس پروگرام کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے۔
یہ مشترکہ اقدام ایکسپو سٹی دبئی کی ماحولیاتی تحفظ ، تعاون اور بامعنی شراکت داری کے ذریعے انسانی ترقی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔

معاہدے کے تحت عالمی شہرت یافتہ ایتھولوجسٹ ڈاکٹر جین گوڈال پائیداری پویلین،ٹیرا میں روٹس اینڈ شوٹس کا خطے میں پہلامستقل دفتر قائم کریں گے۔ مل کر کام کرنے سے،اس منصوبے سے دنیا کو لوگوں، جانوروں اور ماحولیات کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے میں مدد ملے گی۔

روٹس اینڈ شوٹس یو اے ای تعاون کا ایک مرکز ہو گا،جو آب و ہوا کو ہر ایک شخص کو ذہن نشین کرنے کے ٹیرا کے مشن کو آگے بڑھائے گا اور عربی اور انگریزی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں اسے فروغ دینے کے لیے ایکسپو سکول پروگرام نیٹ ورک سے استفادہ کرے گا۔

اقدام کے تحت اسکولوں اور اسکولوں کے باہر درخت لگانے، شہد کی مکھیوں کو پالنے اور ہیبی ٹیٹ کے تحفظ کے حوالے سے انٹرایکٹو اسٹوڈنٹ ورکشاپس کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے لیے قیمتی وسائل کرتے ہوئے پرکشش، تعلیمی کمیونٹی ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

ایکسپو سٹی دبئی کے ایجوکیشن اینڈ کلچر شعبے کے سربراہ مرجان فریدونی نے کہا کہ ایک جامع، ایکشن پر مبنی کمیونٹی اورموسمیاتی سلیوشنزکے مرکز کے طور پر، ایکسپو سٹی دبئی ماحول کو محفوظ رکھنے کے لیے باہمی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ روٹس اینڈ شوٹس اور ایکسپو سٹی دبئی دونوں نے پہلے ہی ماحولیاتی تحفظ کے لیے ناقابل یقین اثر ڈالا ہے، اور یہ شراکت داری نوجوانوں کو ماحولیاتی لحاظ سے ذمہ داراور بااختیار بنانے کے ہمارے مشترکہ مشن کی عکاسی ہے، جس میں کلاس روم سے باہر سیکھنے کے دلچسپ مواقع ہیں۔

جین گوڈال انسٹی ٹیوٹ کے بانی اوراقوام متحدہ کے داعی برائے امن ڈاکٹر جین گوڈال ڈی بی ای نے کہاکہ ایکسپو سٹی دبئی جیسی ہم خیال تنظیموں کے ساتھ کام کرتے ہوئے، ہم پائیدار تبدیلی اور زیادہ سے زیادہ کمیونٹی کو شامل کرسکتے ہیں۔ ہمارا مقصد روٹس اینڈ شوٹس میں تمام پس منظر سے تعلق رکھنے والے مزید طلباء کو شامل کرنا ہے، تاکہ وہ مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی اور انسانی چیلنجوں سے نمٹنے میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نےکہاکہ روٹس اینڈ شوٹس امید کے بارے میں ہے۔ یہ لوگوں، ماحولیات اور جانوروں کے لئے مددگارمنصوبوں کے ذریعے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے حوالے سے ہے ۔ یہ ہر عمر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کی دنیا میں ماحولیاتی اور انسانی چیلنجوں کے بارے میں سوچیں، اور پھر ان سے نمٹنے کے لیے کچھ کریں۔ ایکسپو سٹی دبئی کے ساتھ یہ شراکت داری زمین کے تحفظ میں طلباء کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

دبئی میں اپنے قیام کے دوران ڈاکٹر جین روٹس اینڈ شوٹس ایوارڈز2024 کی میزبانی کریں گے، جس میں لوگوں، جانوروں اور ماحولیات کی مدد کرنے میں اسکولوں اور علاقے کے دیگر نوجوانوں اور کمیونٹی گروپس کی کامیابیوں پر ایوارڈ دئے جائیں گے ۔ 23 جنوری کو ٹیرا میں منعقد ہونے والی اس باوقار تقریب میں نو ایوارڈ یافتہ اسکول اپنا کام پیش کریں گے۔

24 جنوری کو الوصل پلازہ میں تعلیم کا عالمی دن کی مناسبت سے ڈاکٹر جین تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور ماحول کے تحفظ کے درمیان اہم تعلق پر گفتگو کریں گی، تقریب میں سیکنڈری اسکول اور یونیورسٹی طلباء شریک ہوں گے۔

روٹس اینڈ شوٹس، جین گوڈال انسٹی ٹیوٹ کے تحت ایک اہم پروگرام ہے جو، 60 ممالک میں سرگرم ہے اور اس نے دنیا بھر میں جاری پروگراموں میں 10 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو شامل کیا ہے، جس میں ہر عمر کے طلباء کے لیے تیار کردہ نصاب ہیں۔ شرکاء کی اپنی برادریوں کے اندر لوگوں، جانوروں اور ماحول پر اثر انداز ہونے والے چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے نمٹنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

ایکسپو سٹی دبئی اپنے ایکسپو اسکول پروگرام کے ذریعے طلباء اور اساتذہ کو دوروں، ہینڈ آن ورکشاپس اور بااختیار بنانے کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک