ہانگ کانگ، 23 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل (ایچ کے ٹی ڈی سی) کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹرک لاؤ نے کہا ہےکہ ہانگ کانگ ایک عالمی کاروباری مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
کل ہانگ کانگ میں ایشین فنانشل فورم (اے ایف ایف) کے افتتاح سے قبل ایک میڈیا بریفنگ میں، لاؤ نے کہا کہ ایچ کے ٹی ڈی سی ہانگ کانگ میں کاروبار کی حمایت اور فروغ کے لیے ذمہ دار ایجنسی کے طور پر 2023-2024 کی مدت کے دوران اپنے 50 بیرون ملک دفاترکے ذریعے تین اہم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
لاؤ نے کہا کہ پہلا مقصد اس کردار کو بڑھانا ہے جو ہانگ کانگ ایک لچکدار کاروباری مرکز کے طور پر ادا کررہا ہے جو کووڈ سے عالمی بحالی میں معاون ہے۔ دوسرا مقصد جدت اور پائیدار ترقی کے ذریعے ہانگ کانگ کی مسابقت کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تیسرا اور آخری مقصد منسلک اور مستقبل کے لیے تیار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور اسٹارٹ اپس کی ایک نئی نسل تیار کرنا ہے۔
لاؤ نے بتایا کہ ایچ کے ٹی ڈی سی کی بڑی تجارتی کانفرنسیں اور نمائشیں چین کے گریٹر بے ایریا، علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری (آر سی ای پی) میں شریک ممالک اور مشرق وسطیٰ و جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم(آسیان) جیسی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے مواقع کو اجاگر کرتی ہیں۔
لاؤ نے کہا کہ یہ فورم ایک پائیدار اور جامع ترقیاتی ماڈل کی تعمیر کے لیے قریبی رابطوں اور تعاون کا ایک موقع فرام کرتا ہے۔ یہ خاص طور پر عالمی غیر یقینی صورتحال، جغرافیائی سیاسی تناؤ اور دیگر چیلنجوں کے پیش نظر اہم ہے، جو مارکیٹ کے نئے مواقع اور نئے شراکت دار پیدا کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک