ابوظہبی میں 20 فروری کو تہذیبوں اور رواداری کے بین الاقوامی مکالمے کا انعقاد کیا جائے گا

ابوظہبی، 23 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ امارات اسکالرریسرچ سنٹر(ای ایس آر سی) وزارت رواداری و بقائے باہمی اور اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد (یو این اے او سی) کے تعاون سے 20سے 21 فروری 2024 تک تہذیبوں اور رواداری کے بین الاقوامی مکالمے اوررواداری کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔

یہ تقریب رواداری و بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی زیر سرپرستی اور ابوظہبی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن بیورو (اے ڈی سی ای بی) کے تعاون سے منعقد ہوگی۔

ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سنٹر (ایدنیک) میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں متحدہ عرب امارات اور بیرون ملک سے 50سے زیادہ مقررین اور 2ہزار سے زیادہ شرکاء شریک ہوں گے جس میں تاریخی تجربات کا تبادلہ، بقائے باہمی کو فروغ دینے میں ثقافت، اور معاصر معاشروں میں ثقافتی اختلافات کو سمجھنے اور ان کا احترام کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال ہوگا۔

افتتاحی خطاب اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل اور یو این اے او سی کے اعلیٰ نمائندے میگوئل اینجل موراتینوس اور انٹرنیشنل کریمنل پولیس آرگنائزیشن (انٹرپول) کے صدر میجر جنرل ڈاکٹر احمد ناصر الرئیسی کریں گے۔

کانفرنس کا مقصد سائنسی اور تحقیقی نقطہ نظر سے مختلف تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لینا ہے۔ رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے سے متعلق سائنسی اور تحقیقی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیےاس میں مختلف شعبوں کے ماہرین، ماہرین تعلیم اور اسٹیک ہولڈرزشریک ہوں گے۔

کانفرنس میں تاریخ سے حاصل کردہ تجربات اور اسباق کا تبادلہ،بقائے باہمی کو فروغ دینے میں ثقافت و ثقافتی تبدیلی کے کردار، عصری معاشروں میں کثیر الثقافتی، تہذیبی اختلافات کو سمجھنے اوران کا احترام کرنے کی اہمیت اورکمیونٹی کی ترقی میں سرمایہ کاری جیسے سائنسی موضوعات پر غورکیا جائے گا۔


ترجمہ۔تنویرملک