دبئی، 23 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کے ولی عہد اوردبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے دبئی کی حکومت کے متعدد ڈائریکٹرجنرلزاوراعلیٰ حکام سے زعبیل مجلس ملاقات کی۔
یہ میٹنگ مختلف شعبوں کے عہدیداروں کے ساتھ عزت مآب کی معمول کی مصروفیات کا حصہ تھی تاکہ دبئی کے اسٹریٹجک مقاصد کے حصول میں تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ رہیں۔
شیخ حمدان نے کہاکہ دبئی کا مستقبل کی طرف سفرنائب صدر،وزیر اعظم اوردبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن سے تشکیل دیاگیا ہے۔ دبئی آج مختلف عالمی مسابقتی اشاریوں میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے اوربڑے شعبوں میں بین الاقوامی قیادت کے حصول کی طرف مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ دبئی اپنے لوگوں کی خوشی، سلامتی اور استحکام کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے حکومتی امور کے شعبے میں حاصل ہونے والی پیشرفت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کامیابی اور بہترین کارکردگی مزید بہتری کے لیے ترغیبات فراہم کرتی ہے۔
شیخ حمدان نے کہا کہ دبئی مسلسل اپنی خدمات کے معیار کو بڑھانے اور معاشرے کی امنگوں پر پورا اترنے کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
شیخ حمدان نے مزید کہا کہ امارات کے حکومتی نظام کا مقصد خدمات کی فراہمی میں اعلیٰ ترین کارکردگی، رفتار اور معیار فراہم کرنا ہے۔"دبئی اکنامک ایجنڈا ڈی33، دبئی سوشل ایجنڈا 33 اور دبئی 2040 اربن ماسٹر پلان ایسی حکمت عملی ہیں جو شہریوں اور رہائشیوں کے لیے زندگی کے بہترین معیار کو یقینی بنانے کے لیے وضع کی گئی ہیں۔
عزت مآب نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی تعاون جو کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور خوشی کو یقینی بناتا ہے وہ اعتراف اور پہچان کا مستحق ہے۔
دبئی کے ولی عہد نے دبئی اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں مقامی انسانی سرمائے کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین اور امارات ایئر لائن اینڈ گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو عزت مآب شیخ احمد بن سعید المکتوم اور دبئی میڈیا انکارپوریٹڈ کے چیئرمین عزت مآب شیخ حشر بن مکتوم بن جمعہ المکتوم نے شرکت کی۔، شیخ حمدان نے مختلف سرکاری اداروں کے نئے ڈائریکٹر جنرل پر زور دیا کہ وہ اماراتی ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں۔
ملاقات کے دوران شیخ حمدان بن محمد نے دبئی کی مستقل کمیٹی برائے لیبر افیئرز کی گزشتہ مدت کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کارکنوں کی بہبود کے لیے اعلیٰ ترین عالمی معیارات قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
عزت مآب کو بعد ازاں دبئی کی مستقل کمیٹی برائے لیبر افیئرز کے چیئرمین میجر جنرل عبيد مهير بن سرور نے کارکنوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کمیٹی کی جانب سے اٹھائے گئےاقدامات اور پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ 2023 کے دوران، کمیٹی نے دبئی میں ڈیلیوری ورکرز کے لیے 6,300 آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا، جس میں ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت پر توجہ دی گئی۔ مزید برآں، کمیٹی نے مختلف کھیلوں، سماجی اور تفریحی سرگرمیوں میں 154,000 کارکنوں کو شامل کرنے کے لیے 86 ایونٹس کی میزبانی کی۔
میجر جنرل عبید بن سرور نے کہا کہ کمیٹی نے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر لیبر ہاؤسنگ سہولیات میں معیار زندگی کی نگرانی کے لیے 33 معائنہ مہم چلائیں۔ کمیٹی نے دبئی میں لیبر کیمپوں میں 87,000 کھانے بھی تقسیم کئے۔
کمیٹی کے چیئرمین نے تقدیر ایوارڈ کے بارے میں بھی بتایا، جو 2016 میں دبئی کے ولی عہد کی سرپرستی میں شروع کیا گیا تھا تاکہ ان کمپنیوں اور افراد کو ان کی کارکردگی پر نوازا جائے جو اپنے کارکنوں کو بہترین دیکھ بھال اور کام کرنے کا ماحول فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جو اس کے افتتاحی ایڈیشن میں 236 کمپنیوں سے بڑھ کر اس کے تازہ ترین ایڈیشن میں 3,000 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
عزت مآب نے دبئی گورنمنٹ کسٹمر ہیپی نیس انڈیکس 2023 کے فاتحین سے بھی ملاقات کی، انہیں ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے والی اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی جاری رکھیں۔
شیخ حمدان نے دبئی گورنمنٹ ایمپلائی ہیپی نیس انڈیکس 2023 کے فاتحین سے بھی ملاقات کی۔
ترجمہ۔تنویرملک