ہانگ کانگ، 25 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ سی ای او کلبز نیٹ ورک کے بانی اور سی ای او ڈاکٹر طارق احمد نظامی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی منزل اور عالمی سطح پر بین الاقوامی تجارتی مرکز کے طور پر اپنی عالمی قیادت کی پوزیشن کو مضبوط کیا ہے۔
ایشین فنانشل فورم (اے ایف ایف) میں شرکت کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے نظامی نےکہا کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے لیے ایک مثالی کاروباری ماحول فراہم کررہا ہے۔ اس نے عالمی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اپنی عالمی کشش کامیابی سے برقرار رکھی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ متحدہ عرب امارات سے توقع ہے کہ وہ آنے والے سالوں میں مزید نمایاں غیر ملکی سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرے گا اور ایک بین الاقوامی کاروباری مرکز اور سرمایہ کاری اور سرمائے کے لیے ایک ترجیحی عالمی مقام کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرے گا۔
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ سال غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں میں 2022کے مقابلے میں 28 فیصد کا قابل ذکر اضافہ ہوا ۔ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے یہ کامیابی عالمی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ میں 18 فیصد کمی کے باوجود حاصل کی ہے۔
نظامی نے متحدہ عرب امارات کے تجارتی وفد کی اے ایف ایف میں شرکت پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد ایک بڑے مالیاتی فورم پر تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے عالمی مالیاتی پیش رفت کے بارے میں جاننے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کے کاروباری اور مالیاتی شعبوں کے لیے فورم کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمہ۔تنویرملک