قاہرہ، 27 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ نیشنل لائبریری اینڈ آرکائیوز (این ایل اے) نے قاہرہ انٹرنیشنل بک فیئر 2024 کے دوران اپنی نئی ادارہ جاتی شناخت پیش کرنے اور ملک کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنے منصوبوں اور اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا فورم کا انعقاد کیا، جس میں انسائیکلوپیڈیا آف دی یو اے ای ہسٹری پروجیکٹ اور المقطع کے سہ ماہی میگزین کی اشاعت بھی شامل ہے۔
این ایل اے کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ ماجد العلی نے قاہرہ کے بین الاقوامی کتاب میلے میں فعال شرکت کے عزم کو مصر میں ثقافتی اداروں کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کا ایک قابل قدر موقع قرار دیا، جو دانشورانہ گفتگو کا ایک معروف مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی والد مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان نے متحدہ عرب امارات کی تاریخ اور ورثے کو دستاویزی شکل دینے کے لیے 1968 میں نیشنل لائبریری اور آرکائیوز قائم کیا۔ اس ادارے نے تب سے ملک کے ثقافتی ورثے کے تحفظ پر توجہ مرکوز کررکھی ہے اور ایک اعلی درجے کی قومی لائبریری بنانے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، جس کا مقصد ثقافت اور علم کے فروغ میں اہم شراکت دار بننا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی میں شروع ہونے والا انسائیکلوپیڈیا آف یو اے ای ہسٹری پروجیکٹ، عرب اور بین الاقوامی دونوں کتب خانوں کو تقویت دینے والے ایک قابل قدر دستاویزی ذریعہ کے طور پر کام کرے گا۔
ترجمہ۔تنویرملک