شارجہ، 27 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ شارجہ میں انوائرمنٹ اینڈ پروٹیکٹڈایریاز اتھارٹی (ای پی اے اے ) نے شارجہ انٹرنیشنل کنزرویشن فورم برائے عرب بائیو ڈائیورسٹی کے 23ویں ایڈیشن کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں،جو لگاتار دوسرے سال الذيد شہرکی شارجہ سفاری میں منعقد ہوگا۔
فورم 5 فروری سے 8 فروری تک جاری رہے گاجس میں ماحولیاتی اور حیاتیاتی تنوع کے شعبے میں مہارت رکھنے والے 100 سے زائد ماہرین اورمحققین دنیا بھر کے کئی ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے ماحولیاتی موضوعات کو اجاگر کریں گے۔
تمام آئیڈیا اورنظریات کو بروئے کار لانا،وسائل اور کوششوں میں سرمایہ کاری اور اداروں اور افراد کی سطح پر بہترین ماحولیاتی طریقوں کو فروغ اوراختیار کرنا اس فورم کا مقصد ہے۔
اس تناظر میں، شارجہ میں انوائرمنٹ اینڈ پروٹیکٹڈ ایریاز اتھارٹی (ای پی اے اے) کی چیئرپرسن، ھنا سیف السویدی نے کہا کہ شارجہ انٹرنیشنل کنزرویشن فورم فار عرب بائیو ڈائیورسٹی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری میں ای پی اے اے کے اہداف اور پیغام کی توثیق کرتا ہے۔
السویدی نے بتایا کہ سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران عزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے ہدایات کو عملی جامہ پہنانے ہوئے شارجہ کی انوائرمنٹ اینڈ پروٹیکٹڈ ایریاز اتھارٹی ہر سال باقاعدگی سے اس فورم کا انعقاد کررہی ہے۔
فورم کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ماحولیاتی مسائل کے کئی شعبوں کا تعین کیا ہے جن پر محققین اور ماہرین تقریب کے صبح اور شام کو ہونے والے دونوں سیشنوں کے دوران بحث کریں گے۔
محققین اور ماہرین کی تحقیق اور مطالعات کے نتائج بھی فورم میں پیش کیے جائیں گے۔ ان میں دیگر اہم موضوعات کے ساتھ ساتھ ویٹرنری سیشنز میں جانداروں کی اقسام کی ترجیحات، ری وائلڈنگ اینڈ ملٹی اسپیسز کی ری انٹروڈکشن،تحفظ جینیات اور شارجہ اسٹرینڈنگ رسپانس پروگرام کی کامیابیوں کا جائزہ جیسے موضوعات شامل ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک