شارجہ،27 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنسز اور ٹیکنالوجی جو کہ یونیورسٹی آف شارجہ سے ملحق ہے نے نوجوانوں کو روشناس کرنے کے لیے "خلائی تعاون کا مستقبل: گہرے خلائی تحقیق کے لیے اگلی نسل کی تیاری" کے عنوان سے ایک پینل بحث کا اہتمام کیا۔
یہ اقدام قمری خلائی اسٹیشن کی ترقی اور قیام کے منصوبے میں متحدہ عرب امارات کے الحاق کے حالیہ اعلان کے مطابق کیا گیا تھا۔ پینل ڈسکشن میں نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا)، ابوظہبی میں امریکی سفارت خانے اور دبئی میں اس کے قونصلیٹ جنرل کی نمائندگی کرنے والے ایک وفد نے شرکت کی۔
یونیورسٹی آف شارجہ کے چانسلر پروفیسر حامد ایم کے اور شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنسز اور ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل النعیمی نے خلائی تحقیق کے میدان میں متحدہ عرب امارات کے وژن کے مطابق فلکیات اور خلائی علوم میں مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے لیے مواصلات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
چانسلر نے شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنسز اور ٹیکنالوجی کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کیا جس میں شارجہ سیٹ-1 سیٹلائٹ کا لانچ اور جدید ترین ٹیکنالوجیز اور پروجیکٹروں سے لیس نئے تیار کردہ شارجہ پلانیٹریم شامل ہیں۔ انہوں نے فلکیات، خلائی قانون، فلکی طبیعیات اور خلائی علوم کے شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی پیشکش کے ذریعے خلائی ثقافت، فلکیات کی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کے عزم پر بھی زور دیا۔
پبلک افیئرز آفیسر یو ایس مشن دلیہ الدین نے متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں خاص طور پر یونیورسٹی آف شارجہ اور شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی، خلائی صنعت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے اور آگے بڑھانے میں ان کے فعال کردار کے لیے کو سراہا۔ پینل ڈسکشن کی میزبانی دلیہ الدین نے کی اور اس میں ناسا کے شرکاء ڈاکٹر جون اولانسن، گیٹ وے پروگرام مینیجر اور شان فلر، گیٹ وے انٹرنیشنل پارٹنر مینیجر، نیز یوسف فاروق، ایک خلائی ٹیکنالوجی انجینئر شامل تھے۔
بین الاقوامی خلائی تعاون کی اہمیت اور قمری خلائی اسٹیشن میں متحدہ عرب امارات کی شراکت سمیت متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحث نے گیٹ وے پروجیکٹ میں عوامی اور نجی شراکت داری کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو کہ قمری اسٹیشن کے لیے ناسا کا عہدہ ہے۔
نیز گیٹ وے پروگرام کے لیے انسانی آپریشنز، خلائی جہاز کے پروپلشن اور خود مختار درست لینڈنگ کے نظام کی تشکیل کے تجربات پر بھی بات ہوئی۔ سیشن میں مختلف تعلیمی سرگرمیوں، لیکچرز اور ورکشاپس کے انعقاد کے ذریعے شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنسز اور ٹیکنالوجی کی نمائشوں اور اس شعبے میں ماہرین کی طرف سے منعقد کی جانے والی سائنسی سرگرمیوں سے استفادہ کے ذریعے، خلائی سائنس اور ریسرچ میں صلاحیتوں کی تعمیر اور عوامی بیداری میں اضافہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمہ: ریاض خان