غزہ،26 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ اماراتی طبی وفد نے غزہ کی پٹی میں متحدہ عرب امارات کے قائم کردہ مربوط فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا تاکہ وہاں صحت کے نظام کی مدد کرکے اس پٹی میں فلسطینی عوام کو ضروری طبی علاج اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر نورا خامس الغیثی کی قیادت میں وفد نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں ہلال احمر امارات اتھارٹی کے نمائندوں نے بریفنگ دی جو اس وقت اس پٹی میں آپریشن گیلنٹ نائٹ 3'کے تحت امدادی اور انسانی ہمدردی کے کاموں کو انجام دے رہے ہیں۔
الغیثی نے کہاکہ یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے غیر متزلزل عزم پر استوار ہے۔ ہم ان کی فوری ضروریات کو پورا کرنے اور زخمیوں کو ضروری صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے اور آپریشن گیلنٹ نائٹ 3کے اہم کام کو جاری رکھنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ اس مشن کے ذریعے ہم مختلف حالات میں غزہ میں فلسطینی عوام کی تکالیف کو کم کرنے اور ان کی مدد کے لیے مدد کے لیے ہاتھ بڑھاتے ہوئے اپنے ثابت قدم انسانی نقطہ نظر کی تصدیق کرتے ہیں۔
ایک تجربہ کار اماراتی میڈیکل ٹیم نے غزہ کی پٹی میں فیلڈ ہسپتال کا انتظام سنبھال لیا ہے جس نے فلسطینی عوام کو ضروری صحت کی دیکھ بھال اور انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی خصوصی مہارت اور لگن کو سامنے لایا ہے۔
طبی سہولتوں سے لیس یہ ہسپتال جنرل ، چلڈرن اور دیگرسرجریوں کے لیے مخصوص آپریٹنگ رومز کا حامل ہے۔ اس کی جدید سہولیات بالغوں اور بچوں کی انتہائی نگہداشت کے یونٹس، ایک جدید اینستھیزیا ڈیپارٹمنٹ اور داخلی ادویات، دندان سازی، آرتھوپیڈکس، نفسیات، فیملی میڈیسن اور امراض نسواں جیسے متنوع شعبوں کو پورا کرنے والے خصوصی کلینک تک پھیلی ہوئی ہیں۔
ہسپتال جدید سی ٹی سکین اور ایکسرے کی سہولیات کے ساتھ معاون طبی خدمات پیش کرتا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ سائٹ پر موجود فارمیسی اور لیبارٹری تیز اور درست تشخیص کرتی ہے جس سے ذاتی نوعیت کے علاج کے منصوبوں کی راہ ہموار ہوتی ہے جو اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارات اور پروٹوکولز کی پابندی کرتے ہیں۔ یہ مربوط نقطہ نظر ہر مریض اور فائدہ اٹھانے والے کے لیے بہترین نتائج کو یقینی بناتا ہے۔
ترجمہ: ریاض خان