ابوظہبی، 4 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی سائبر سیکیورٹی کونسل نے "سائبر سیکیورٹی کے لیے قومی مہم" کا آغاز کیا ہے جو حکومت اور نجی اداروں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام افراد کو کھلے سائبر اسپیس سے پیدا ہونے والے خطرات اور سائبر حملوں سے بچاؤ کے مختلف طریقے بارےآگاہی فراہم کرے گی ۔
مہم میں پشنگ اور فراڈ سے بچاو کے لیے احتیاط اور چوکسی کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، جو ڈیجیٹل صارفین کو ان کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا سے سمجھوتہ کرنے کے لیے ٹکنالوجی کا استعمال کرتی ہے۔
قومی مہم برائے سائبرسیکیوریٹی متحدہ عرب امارات کی دانشمندانہ قیادت کی ہدایات کا عملی نفاذ ہے، جس کی بنیاد ملک میں ہونے والی زبردست ڈیجیٹل پیش رفت کی روشنی میں معلومات اور ڈیٹا کی حفاظت کی اہمیت پر ہے۔ یہ ہدایات شہریوں اور رہائشیوں کے لیے یکساں طور پر ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کھلے سائبر اسپیس کے خطرات اور اس سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیتی ہیں ۔
پورے سال تک جاری رہنے والی ہفتہ وار مہم میں سائبر سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں مشتبہ ای میلز کی شناخت کے بارے میں رہنمائی اور مشورے، مضبوط پاس ورڈ بنانے کی اہمیت، پروگراموں اور ایپلیکیشنز کو مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ، محفوظ انٹرنیٹ مواصلاتی ایپلیکیشنز کا استعمال شامل ہے۔
آگاہی مہموں اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے، سائبرسیکیوریٹی کونسل کا مقصد الیکٹرانک خطرات کی نوعیت اور ان سے نمٹنے کے طریقے کے بارے میں کمیونٹی کی بیداری کو بڑھانا ہے۔ یہ ان حملوں کا پتہ لگانے اور ان سے حفاظت کے لیے ضروری معلومات اور آلات فراہم کرنے کے علاوہ ، اور بہترین طریقوں اور احتیاطی تدابیر کو استعمال کرتے ہوئے محفوظ رویوں کو فروغ دے گی۔
سائبرسیکیوریٹی کی قومی مہم معاشرے کے تمام شعبوں میں سائبرسیکیوریٹی کی ثقافت کو بڑھانا اور ملک میں محفوظ ڈیجیٹل تبدیلی کی حمایت کرنا چاہتی ہے۔ اس کا مقصد الیکٹرانک حملوں کے خطرات کے بارے میں آگاہی پھیلانا، اور ان خطرات سے حفاظت کے لیے بہترین طریقہ کار فراہم کرنا اور ہر ایک کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
یو اے ای سائبر سیکیورٹی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد حمد الکویتی نے کہا کہ "سائبر سیکیورٹی کے لیے قومی مہم" سائبر خطرات میں اضافے اور ہماری زندگی کے تمام پہلوؤں پر ان کے اثرات کی روشنی میں شروع کی گئی ہے۔ "یہ ان زبردست ڈیجیٹل پیشرفت کی روشنی میں ہے جس کا ملک مشاہدہ کر رہا ہے، اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کے تمام باشندوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم کی تصدیق ہے۔"
ڈاکٹر الکویتی نے زور دیاکہ سائبر سیکیورٹی کونسل ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پوری کمیونٹی میں آگاہی بڑھانے اور چوکسی کے کلچر کو پھیلانے کی اہمیت پر یقین رکھتی ہے۔ افراد اور اداروں کی جانب سے آگاہی کو متحدہ عرب امارات کے معاشرے کو سائبر حملوں سے بچانے کے لیے ایک اہم ستون سمجھا جاتا ہے۔
اس تناظر میں، سائبر سیکیورٹی کونسل کے چیئرمین نے تمام افراد اور اداروں سے مہم سے فائدہ اٹھانے اور سب کے لیے ایک محفوظ سائبر اسپیس کے حصول کے لیے اس کے ساتھ فعال طور پر بات چیت کرنے کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹر محمد الکویتی نے وضاحت کی کہ سائبرسیکیوریٹی کی قومی مہم "We The UAE 2031" ویژن کے مطابق ہے، جس کا مقصد ایک باہم مربوط اور موثر معاشرہ بنانا ہے۔
ڈاکٹر الکویتی نے مزید کہا کہ یہ مہم صرف متحدہ عرب امارات تک محدود نہیں بلکہ اپنے تجربات اور بہترین طریقوں کو پوری دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ یہ سائبرسیکیوریٹی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کی عکاسی ہے، اور سب کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانے کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ معلومات اور مہارت کے تبادلے کو بڑھانے کےلیے وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔
سائبرسیکیوریٹی کی قومی مہم میں سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات کی سائبرسیکیوریٹی کونسل کے مختلف پلیٹ فارمز پر آگاہی مواد شامل ہے، اس کے ساتھ کونسل کی سرگرمیوں اور کوششوں کی سیمینارز، ورکشاپس اور نمائشوں سے ترویج کی جائے گی ۔ اس میں مرکز کی طرف سے خطرات اور سیکورٹی اپ ڈیٹس سے متعلق سیکورٹی انتباہات شامل ہیں، جس کا مقصد متحدہ عرب امارات کی سائبر سیکورٹی کو بڑھانے کے کونسل کے پیغام کو مستحکم کرنا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک