وزارت اقتصادیات رمضان کے دوران قیمتوں کاتعین اور صارفین کے حقوق کاتحفظ کریگی

ابوظبی، 6 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ وزارت اقتصادیات نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران ملک کی مارکیٹوں میں مصنوعات اور خدمات کی قیمتوں کی نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے منصوبے کا خاکہ پیش کیا ہے۔ اس کا مقصد ایک جامع اور صارف ماحولیاتی نظام کے اندر صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے جو عالمی معیارات کے مطابق ہو۔ اس طرح متحدہ عرب امارات میں ایک متوازن تجارتی صارفین کے تعلقات کو برقرار رکھا جائے۔ اس کا اعلان دبئی میں وزارت کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک میڈیا بریفنگ میں کیا گیا۔ اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے مانیٹرنگ اینڈ فالو اپ سیکٹر برائے معیشت عبداللہ سلطان الفان الشمسی نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات صارفین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی ضمانت کے لیے ایک جامع ریگولیٹری اور قانونی فریم ورک کے قیام میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی ہے کہ وزارت وفاقی اور مقامی سطحوں پر متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون میں کام کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت میں صارفین کے تحفظ کے محکمے نے 2023 میں ملک میں ضروری اشیاء فراہم کرنے والوں کے ساتھ 26 سے زائد میٹنگز کا انعقاد کیا۔ ان سامانوں میں کھانا پکانے کا تیل، انڈے، دودھ کی مصنوعات، چاول، چینی، مرغی، پھلیاں، روٹی، اور گندم شامل ہیں۔ ان تمام ملاقاتوں کا مقصد رمضان 2024 کے دوران صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مصنوعات کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔ الشمسی نے مزید کہاکہ متحدہ عرب امارات ملک میں شہریوں، رہائشیوں اور زائرین کے لیے درکار تمام ضروری اشیا کی سٹریٹجک فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بہترین پالیسیاں نافذ کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ جیسے جیسے رمضان قریب آتا ہے متحدہ عرب امارات کی مارکیٹوں میں اشیا اور مصنوعات کی دستیابی میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ۔ انہوں نے صارفین کی تمام ضروریات کو پورا کرنے اور بغیر کسی بلا جواز قیمتوں میں اضافے کے ان اشیاء تک ان کی رسائی کو آسان بنانے اور ان کی مطلوبہ مقدار فراہم کرنے کے لیے وزارت کے عزم پر مزید زور دیا۔ مزید برآں الشمسی نے وضاحت کی کہ بنیادی اشیا کی قیمتوں کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے وزارت اور متعلقہ حکام کی پیشگی منظوری کے بغیر ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس پالیسی میں نو اہم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر پابندی شامل ہے ۔ 2023 کے وفاقی حکم نامے کے قانون نمبر 5 کے نفاذ سے صارفین کے تحفظ سے متعلق وفاقی قانون نمبر 15 کی 2020 کے بعض دفعات میں ترمیم نے اس کے انتظامی ضوابط کے ساتھ ساتھ صارفین کے حقوق کو تقویت دی ہے اور متحدہ عرب امارات کی مارکیٹوں میں قیمتوں کے ضابطے کو سخت کرنے کی قومی کوششوں کی حمایت کی ہے۔ اس میں سپلائرز پر 43 سے زیادہ ذمہ داریاں عائد کرنا اور منصفانہ کاروباری طریقوں کو فروغ دینے کے لیے جامع ریگولیٹری اقدامات کا نفاذ شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت ملک میں کنزیومر کوآپریٹیو اور آؤٹ لیٹس کے ایک گروپ کی طرف سے اعلان کردہ پروموشنز کی نگرانی کرے گی اور رمضان کے مقدس مہینے میں اشیا اور مصنوعات کی قیمتوں میں رعایت سے متعلق ہے۔ کوآپریٹیو میں کچھ مصنوعات پر چھوٹ تقریباً 50 فیصد تک جاتی ہے۔ الشمسی نے نوٹ کیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران کچھ کوآپریٹیو میں اشیا اور مصنوعات کی پروموشنز تقریباً 4,000 اشیاء کا احاطہ کریں گی جن کی تشہیر ملک کی مارکیٹوں میں پروموشنل مہمات کے ذریعے کی گئی ہے۔ فروخت کی شرح 25 فیصد سے 75 فیصد تک تھی جبکہ رمضان میں اشیاء پر ای۔اسٹور کی چھوٹ 40 فیصد سے زیادہ اور سبزیوں اور پھلوں جیسی موسمی اشیاء پر 70 فیصد تک پہنچ گئی جس کی ماہ کے دوران مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ آؤٹ لیٹس کے ایک بڑے سیٹ نے رمضان 2024 کے مقدس مہینے کے دوران اشیا اور مصنوعات پر 75 فیصد رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صارفین کے تحفظ کے ماحول کو تیار کرنے کے لیے متعلقہ وفاقی اور مقامی حکام اور اقتصادی ترقی کے محکموں کے ساتھ مل کروزارت کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ کوششیں اعلیٰ ترین معیارات کے مطابق صارفین کے حقوق کی ضمانت دیتی ہیں۔ اس طرح متحدہ عرب امارات کی معیشت کی مسابقت کو مستحکم اور معاونت فراہم کرتی ہے اور اس کی مارکیٹ کو بڑے برانڈز کے لیے ایک پائیدار منزل کے طور پر پوزیشن میں لاتی ہے۔ ترجمہ: ریاض خان