ڈرائیور حضرات غنودگی کی حالت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں:دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی

دبئی، 14 مارچ 2024 (وام) ۔۔ دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے ڈرائیورحضرات سے کہا ہے کہ وہ تھکاوٹ یا غنودگی کی حالت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں جب کھانے اور سونے کی عادات میں تبدیلی کی وجہ سے گاڑی چلاتے ہوئے توجہ کم ہو جاتی ہے۔

آر ٹی اے نے رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں جسمانی تبدیلیوں کی وجہ سے کچھ ڈرائیورز کی توجہ کم ہونے کے رجحان کے باعث ڈرائیورز حضرات کو خبردار کرتے ہوئے اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے پورے رمضان میں ڈرائیونگ کے لیے اہم تجاویزکی فراہمی کے لیے آگاہی مہم شروع کر رہی ہے، جو دبئی کی ٹریفک سیفٹی حکمت عملی پر مبنی اس کی سالانہ ٹریفک آگاہی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔

آر ٹی اے نے ڈرائیورحضرات سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر اپنے طرز عمل کو بہتر بنا کر مقدس مہینے کی روح کو برقرار رکھیں ۔ اس میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑک استعمال کرنے والوں کے دیگر حقوق کا احترام شامل ہے۔ جرمن روڈ سیفٹی کونسل کی طرف سے شروع کی گئی اور 2020 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پانچ سیکنڈ کی اونگھ سے 180 میٹر یا اس سے زیادہ کے فاصلے تک یہ پتہ نہیں چلتا کہ گاڑی کس سمت جارہی ہے۔

2023 کے دوران، آر ٹی اے نے ٹریفک سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے ایک وسیع مہم کا آغاز کیا اور کمیونٹی کے لیے 270 سے زیادہ گاہی کے ایونٹس کا انعقاد کیا یہ ایونٹس ٹریفک سیفٹی کی حکمت عملی کا حصہ تھے، جو اس اصول پر مبنی ہے کہ "ہر انسانی زندگی منفرد اور ناقابل تلافی ہے۔"

ان اقدامات نے دبئی کی ٹریفک سیفٹی اسٹریٹجی کو اہداف اور میٹرکس کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر 2007 سے 2023 تک ٹریفک سے متعلقہ اموات میں تقریبا 93 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی۔
دبئی کی وزارت داخلہ اور ٹریفک سیفٹی کے دیگرشراکت داروں کے ساتھ مل کر، آر ٹی اے نے رمضان کے مقدس مہینے کے لیے ٹریفک آگاہی کی متعدد سرگرمیوں کی منظوری دی ہے جن کا مقصد زیادہ سے زیادہ سامعین تک حفاظت اور رہنمائی کے پیغامات پھیلانا ہے۔ یہ پیغامات مختلف چینلز کے ذریعے پھیلائے جائیں گے۔

آر ٹی اے نے دبئی بھر میں افطار خیموں کے داخلی راستوں پر بینرز آویزاں کیے ہیں جن میں پیدل چلنے والوں اور ڈرائیوروں کے لیے آگاہی پیغامات تھے۔ ہزاروں آگاہی کتابچے بھی چھاپے گئے جو افطار کے کھانوں کے ساتھ دبئی ٹیکسی اور پبلک بس ڈرائیورز، ٹرک ڈرائیورز اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

یہ اقدامات مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے تعاون سے کیے گئے جن میں دبئی میں اسلامی امور اور خیراتی سرگرمیوں کے محکمے، داماک پراپرٹیز، ٹوکیو میرین انشورنس کمپنی، بن یابر ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ، اور ٹرائی سٹار کمپنی شامل ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک