دبئی، 14 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے جاری کردہ صنفی عدم مساوات کے انڈیکس 2024 میں عالمی سطح پر 2022 کے 11 ویں نمبر سے بہتر ہوکرساتویں نمبر پر آگیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے متحدہ عرب امارات کی اس نئی عالمی کامیابی کا اعلان خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن کے 68ویں اجلاس کے دوران کیا جو نیویارک میں 22 مارچ تک جاری رہے گا۔ یو اے ای جینڈر بیلنس کونسل اس تقریب میں شرکت کر رہی ہے۔
یو اے ای جینڈر بیلنس کونسل کی صدر، نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی اہلیہ شیخہ منال بنت محمد بن راشد المکتوم نے متحدہ عرب امارات کی عالمی پوزیشن کو جنرل ویمن یونین کی چیئر وومن، سپریم کونسل برائے زچہ وبچہ کی صدر اور فیملی ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کی سپریم چیئر وومن مادر ملت شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی دانشمندانہ قیادت منسوب کیا۔
شیخہ منال نے کہاکہ ہماری دانشمند قیادت کی گہری وابستگی اور صنفی توازن کے لیے حمایت اور اہم قانون سازی اور اقدامات کے ذریعے معاشی، سیاسی اور سماجی شعبوں میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھانے کے لیے ان کی بے تابی نے اس غیر معمولی کامیابی کو ممکن بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی رپورٹس اور اشارے میں متحدہ عرب امارات کی درجہ بندی میں بہتری صنفی توازن کے لیے عالمی اور علاقائی ماڈل کے طور پر اس کی پوزیشن کو مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی محکموں کے درمیان مضبوط شراکت داری اور نجی شعبے کے تعاون نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں مستقبل کی تشکیل میں ناگزیر شراکت داروں کے طور پر کام کرنے کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کو اجاگر کیا۔ خواتین کی صلاحیتوں پر ہماری دانشمند قیادت کے یقین اور ان کی کامیابی کے لیے بنائے گئے معاون ماحول نے اماراتی خواتین کو اہم شعبوں میں بااثر کردار ادا کرنے پر اکسایا ہے۔
آج وہ اہم شعبوں میں کلیدی فیصلہ ساز ہیں، جو ہماری قوم کی عالمی قیادت کی خواہشات کی حمایت کرتے ہیں۔
شیخہ منال نے کہاکہ ہماری دانشمند قیادت کے بصیرت انگیز وژن کی بدولت متحدہ عرب امارات میں خواتین کو کافی توجہ ملی ہے جس نے صنفی توازن میں قوم کو ایک نمایاں بین الاقوامی مقام تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخہ فاطمہ بنت مبارک نے متعدد قومی پروگراموں اور اہدافی اقدامات کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے میں کامیابی حاصل کی جس کا مقصد تعلیم، روزگار اور دیگر مختلف شعبوں میں مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے خواتین کی حمایت کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے عزم پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اماراتی خواتین ملک کی ترقی کے عمل میں ایک ٹھوس اور بااثر کردار ادا کر رہی ہیں، جسے دانشمندانہ قیادت کی لامحدود حمایت سے تقویت ملتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی صنفی توازن کونسل خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن کے 68ویں اجلاس میں فعال طور پر حصہ لے رہی ہے جو 11 سے 22 مارچ تک نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہو رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ایک سرکاری وفد نے متحدہ عرب امارات کی صنفی توازن کونسل کی نائب صدر مونا غنیم المری کی سربراہی میں سیشن کے کئی پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے مختلف شریک ممالک کے نمائندوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیداروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔
ترجمہ: ریاض خان