امارات ہلال احمرکا رمضان کے دوران غزہ کے فلسطینیوں کی مدد کے لیے امدادی پروگرامز میں اضافہ

ابوظہبی، 18 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ امارات ہلال احمر (ای آر سی) نے رمضان المبارک کے دوران غزہ کے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنے امدادی پروگرام میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد اس مقدس مہینے کے دوران فلسطینی برادر عوام کے مصائب کو کم اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کوششوں کو بہتر بنانا ہے۔

تنظیم نے غزہ کے لوگوں کی مدد کے لیے افطار منصوبے کے لیے ضروری سامان کے ساتھ امدادی قافلہ بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام گیلینٹ نائٹ تھری امدادی آپریشن کا حصہ ہے۔ امارات ہلال احمر نے مصر سے چاول، گندم، چینی، پھلیاں اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے30لاکھ درہم مختص کیے ہیں۔ یہ سامان غزہ میں 28 پبلک کچن اور 10 بیکریوں کو فراہم کیا جائے گا۔ 16 ٹرکوں پر مشتمل یہ قافلہ 336 ٹن غذائی امداد لے کر قاہرہ سے العریش کا سفر شروع کر چکا ہے اور غزہ میں داخل ہونےکے قریب ہے۔

اس موقع پرامارات ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل راشد مبارک المنصوری نے کہا کہ امدادی قافلے کی روانگی متحدہ عرب امارات کی دانشمندانہ قیادت کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی خواہش ہے جس کاا مقصد ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کر کے ان کی تکالیف کو دور کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے بحران شروع ہونے کے بعد سے غزہ کے لوگوں کو فوری طور پر امداد اور خوراک کی امداد فراہم کررہا ہے۔یہ فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے ان کی لگن سے مطابقت رکھتا ہے اور بحرانوں کے دوران اپنے بھائیوں کی حمایت کرنے میں متحدہ عرب امارات کی سخاوت اور اتحاد کی اقدار کو ظاہر کرتا ہے۔

اس سلسلے میں، ای آر سی غزہ کے باشندوں کو مسلسل خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کوشش کا آغاز گزشتہ سال 5 نومبر کو آپریشن گیلنٹ نائٹ 3 کے آغاز سے ہوا، جس کا مقصد غزہ کے متاثر ہونے والوں کی متنوع ضروریات کو پورا کرنا تھا۔

امارات ہلال احمر ٹیمیں فی الحال تیسرے کارگو جہاز پر امداد اور کھانے کے پارسل لوڈ کر رہی ہیں، جسے الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے اور امارات ہلال احمر کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان نے روانہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ جہاز میں 4500 ٹن کھانے پینے کا سامان، 3000 خیمے اور عید کے ملبوسات ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں، امارات ہلال احمر نے آپریشن گیلنٹ نائٹ 3 کے تحت العریش شہر کے لیے ابتدائی طبی امدادی جہاز روانہ کیا تھا۔ اس میں 4,016 ٹن مختلف امدادی سامان لایا گیا تھا، اس کے بعد دوسرا بحری جہاز اس سال فروری میں روانہ کیا گیا تھا جو 4,303 ٹن خوراک، 154 ٹن پناہ گاہوں کا سامان، اور 87 ٹن طبی امداد سے لدا تھا۔

یہ اقدامات متحدہ عرب امارات کی جانب سے بڑھتے ہوئے انسانی بحران کے نتیجے میں غزہ میں شہریوں کی تکالیف کو دور کرنے اور مربوط رفتار سے کم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک