ابوظہبی، 18 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ مسلم عمائدین کی کونسل نے اس سال پہلی بار امن کے فروغ اور بات چیت، رواداری اور باہمی بقائے باہمی کی اقدار کی ترویج کے لیے مختلف ممالک کے لئے متعدد مذہبی شخصیات پر مشتمل مشنزبھیجے ہیں۔ان مشنز کا مقصد رمضان کے دوران اعتدال، رواداری اور روشن خیال اسلامی فکر کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
ان مشنز میں متعدد قرآن کے قاری اور اسلامی مبلغین شامل ہیں جنہیں انڈونیشیا، ملائیشیا، قازقستان، جرمنی، اٹلی اور دیگر ممالک میں بھیجا گیا ہے۔ ان کے فرائض میں نماز کی امامت کرنا، قرآن پاک کی تلاوت کرنا، اور نمازیوں کو خطبہ اور مذہبی لیکچر دینا شامل ہیں۔ یہ کوششیں دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے، ان کی مذہبی بیداری کو بڑھانے، ان کی کمیونٹیز میں مثبت انضمام کی حوصلہ افزائی ، اور انہیں انتہا پسندانہ نظریات سے بچانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، اس طرح انہیں پرتشدد اور دہشت گرد گروہوں کے چنگل میں آنے سے بچانا ہے۔
مسلم عمائدین کی کونسل کے سیکرٹری جنرل جج محمد عبدالسلام نے کہا کہ کونسل، الازہر کے امام ڈاکٹر احمد الطیب کی سربراہی میں اپنے وسیع پروگرامز اور مسلمانوں کو ان کے مذہب اور مسلک کے بنیادی اصولوں سے جوڑنے کے لیے دنیا بھر میں سرگرم ہے۔
اس کا مقصد اسلام کے بارے میں صحیح تفہیم کو بڑھانا اور دنیا بھر میں مسلم برادریوں کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے، خاص طور پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روشنی میں اخلاقی طریقوں کے بارے میں ان کے شعور کو بڑھانا ہے۔
جج محمد عبدالسلام نے بتایا کہ ان مذہبی مشنز کا مقصد رواداری اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینا، اسلامی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے مثبت انضمام حاصل کرنا، اسلامی مذہبی اقدار اور روایات کی گہری سمجھ فراہم کرنا اور ان اقدار کو روزمرہ زندگی میں لاگو کرنا ہے۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز سے ہی،مسلم عمائدین کی کونسل کے مشنز نمایاں سرکاری اور عوامی شرکت کے ساتھ بھرپور سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک