جنیوا، 19 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق گرین ہاؤس گیس کی سطح، سطح کا درجہ حرارت، سمندر کی گرمی اور تیزابیت، سطح سمندر میں اضافہ، انٹارکٹک سمندری برف کی چادراور گلیشیئر کے پگھلنے کے ریکارڈ ایک بار پھر ٹوٹ گئے ہیں۔
ڈبلیو ایم او کی اسٹیٹ آف دی گلوبل کلائمیٹ 2023 رپورٹ کے مطابق، ہیٹ ویوز، سیلاب، خشک سالی، جنگل کی آگ اور تیزی سے شدت اختیار کرنے والے استوائی طوفان عوام کے لیے مصائب اور تباہی کا باعث بنے، جس سے لاکھوں لوگوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہوئی اور کئی ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔
ڈبلیو ایم او کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 ریکارڈ پر اب تک کا گرم ترین سال تھا، جس میں اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کی بنیاد سے 1.45 ڈگری سینٹی گریڈ اوپر تھا۔ یہ ریکارڈ پر ابتک کے دس سالوں میں گرم ترین سال تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاکہ تمام بڑے اشارے خطرے الارمنگ ہیں۔کچھ ریکارڈز صرف زیادہ نہیں بلکہ دھماکہ خیز ہیں اور تبدیلیاں تیز ہو رہی ہیں۔
ڈبلیو ایم او کے سیکرٹری جنرل سیلسٹی ساؤلو نے کہاکہ ہم کبھی بھی اتنے قریب نہیں تھے اگرچہ اس وقت عارضی بنیادوں پر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کے حوالے سے ڈبلیو ایم او دنیا کو ریڈ الرٹ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی درجہ حرارت سے کہیں زیادہ ہے۔ 2023 میں جو کچھ ہم نے دیکھا،خاص طور پرسمندر کی بے مثال گرمی، گلیشیئرکا سکڑاو اور انٹارکٹک سمندری برف کی کمی خاص طور پر تشویش کا باعث ہے۔
2023 میں اوسط دن، عالمی سمندر کا تقریباً ایک تہائی حصہ سمندری ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہا، جس سے اہم ماحولیاتی نظام اور خوراک کے نظام کو نقصان پہنچا۔ 2023 کے آخر تک، 90فیصد سے زیادہ سمندروں نے سال کے دوران کسی وقت گرمی کی لہر کی صورتحال کا تجربہ کیا۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، گلیشیئرز کو ریکارڈ پر برف کا سب سے بڑا نقصان (1950 کے بعد سے) برداشت کرنا پڑا، جو کہ مغربی شمالی امریکہ اور یورپ دونوں میں انتہائی پگھلنے کی وجہ سے ہوا ہے۔
انٹارکٹک سمندری برف کی حد ریکارڈ پر اب تک سب سے کم رہی، موسم سرما کے اختتام پر زیادہ سے زیادہ حد پچھلے ریکارڈ سال سے 1 ملین کلومیٹر کم تھی - جو فرانس اور جرمنی کے مشترکہ رقبے کے برابر ہے۔
سیلسٹی ساؤلو نے کہا کہ آب و ہوا کا بحران ایک واضح چیلنج ہے جس کا انسانیت کو سامنا ہے اور اس کا عدم مساوات کے بحران کے ساتھ قریبی تعلق ہے جو خوراک کے عدم تحفظ میں بڑھتا ہوا اضافہ ، آبادی کی نقل مکانی اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان سے ظاہر ہورہا ہے۔
دنیا بھر میں شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار لوگوں کی تعداد دگنا سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، (ورلڈ فوڈ پروگرام کے زیر نگرانی 78 ممالک میں) جو کووڈ سے پہلے 149 ملین افراد سے 2023 میں 333 ملین تک پہنچ گئی ہے رپورٹ کے مطابق، موسم اور آب و ہوا کی شدت اس کی بنیادی وجہ نہیں ہوسکتی ہے۔
موسمی خطرات 2023 میں نقل مکانی میں اضافے کا بھی باعث رہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح موسمیاتی جھٹکے انسانی لچک کو کمزور اور سب سے زیادہ کمزور آبادیوں میں تحفظ کے نئے خطرات پیدا کررہے ہیں۔
قابل تجدید توانائی کی پیداوار، جو بنیادی طور پر شمسی تابکاری، ہوا اور پانی کے چکر کی متحرک قوتوں سے چلتی ہے، ڈیکاربنائزیشن کے اہداف کو حاصل کرنے کی اپنی صلاحیت کے لیے آب و ہوا کی کارروائی میں سب سے سبقت لے رہی ہے۔ 2023 میں، قابل تجدید صلاحیتوں میں 2022 سے تقریباً 50 فیصد یا 510 گیگا واٹ کااضافہ ہوا جو گزشتہ دو دہائیوں میں بلند ترین شرح ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک