دبئی، 21 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی طرف سے جاری کردہ 2023/2024 ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس رپورٹ میں علاقائی طور پر پہلے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات عالمی درجہ بندی میں گزشتہ رپورٹ کے مقابلے نو مقام بہتر ہوکر 193 ممالک میں عالمی سطح پر 17ویں نمبر پر آگیا۔ اس پوزیشن سےمتحدہ عرب امارات کینیڈا، امریکہ اور جاپان جیسے ممالک سے بھی آگے بڑھ کر ایک باوقار حیثیت حاصل کی اور عالمی سطح پر ٹاپ 20 میں سے واحد عرب ملک بن گیا۔
مسابقت اور علم کے تبادلے کے کابینہ امور کے نائب وزیر عبداللہ ناصر لوطہ نے کہاکہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت اور نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات کی حکومت انسانیت کی خدمت، خوشی اور فلاح و بہبود کے لیے مضبوط اور مسلسل قدموں کے ساتھ چل رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے تعلیم، صحت، معیشت اور معیار زندگی میں خوشحالی حاصل کرنے کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت علاقائی سطح پر اپنی قیادت اور انسانی ترقی کے شعبے میں اپنی عالمی برتری ثابت کی ہے۔
اس کا مقصدآنے والی نسلوں کے لیے ایک امید افزا اور پائیدار مستقبل کی ضمانت کے لیے تمام شعبوں میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ وفاقی مسابقتی اور شماریات مرکز کے منیجنگ ڈائریکٹر حنان منصور اہلی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات عالمی مسابقتی رپورٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ممالک میں شامل ہونے کی خواہش رکھتا ہے کیونکہ مسابقت کی انسانی اور سماجی جہت ہے جس میں انسانی فلاح و بہبود پر توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دانشمندانہ قیادت کی ہدایات کے تحت ملک میں مہذب زندگی کی بنیادیں قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ اس کے معاشرے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی ترقی کے میدان میں سرکردہ ممالک میں شامل ہونے کی رپورٹ میں متحدہ عرب امارات کی عالمی سطح پر 17ویں درجہ بندی کی کامیابی صحت، تعلیم اور اقتصادی شعبوں میں وفاقی اور مقامی اداروں کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے ہے جہاں اس نے پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال عالمی سطح پر نو مقام آگے بڑھتے ہوئے کئی سالوں میں علاقائی طور پر پہلے نمبر پر رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے ملک کے لیے باوقار کارکردگی حاصل کرنے کے لیے مسابقت کی دوڑ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس سال کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا سکور 0.937 تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.026 پوائنٹس آگے ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ، جو عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے نے 0.967 اسکور کیاہے۔
پیدائش کے اشارے پر متوقع عمر میں متحدہ عرب امارات کا سکور 79.2 سال تک پہنچ گیا جو 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے لیے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ذریعے اپنائے گئے پائیدار ترقیاتی اہداف (اچھی صحت اور بہبود) کے تیسرے ہدف میں حصہ ڈالتا ہے۔
اسکولنگ کے متوقع سالوں کے اشارے میں متحدہ عرب امارات کا اسکور 17.2 سال تھا، جب کہ اسکولنگ کے اوسط سال 12.8 سال تھے جو چوتھے ہدف (معیاری تعلیم) کی عکاسی کرتا ہے جب کہ مجموعی قومی آمدنی فی کس 74,104ڈالر تھی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ انسانی ترقی کی رپورٹ 1990 سے ہر سال اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی طرف سے جاری کی جاتی ہے اور یہ ایک جامع انڈیکس ہے جو تین جہتوں (صحت، علم اور معیار زندگی) کے ذریعے دنیا کے لوگوں کی فلاح و بہبود کی عکاسی کرتا ہے۔
اسکی نمائندگی چار اشاریوں پیدائش کے وقت متوقع عمر، اسکول کی تعلیم کے متوقع سال، اسکول کی تعلیم کے اوسط سال اور فی کس مجموعی قومی آمدنی میں کی گئی ہے۔
ترجمہ: ریاض خان