محمد بن راشد کی دبئی انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام کی ہدایت

دبئی، 21 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام کی ہدایات جاری کیں، تاکہ تمام شعبوں میں حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنے اور اماات میں قدرتی ذخائر اور سبز جگہوں کو وسعت دینے کے لیے پائیدار طریقوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔۔ اس اقدام کا مقصد ماحول دوست معیشت کو پھلنے پھولنے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تحریک میں دبئی کے کردار کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنانا ہے۔
عزت مآب نے احمد محمد بن ثانی کو نئے ادارے کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے دبئی کو ماحولیات کے حوالے سے دنیا کے سب سے زیادہ محفوظ شہروں میں سے ایک بنانے اور پائیدار شہری ترقی کے لیے ایک مثال قائم کرنے کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی قائم کردہ اتھارٹی 2050 تک آب و ہوا کی غیرجانبداری کو حاصل کرنے کے یو اے ای کے مقصد سے ہم آہنگ ہے۔
اقتصادی، سماجی، اور ماحولیاتی پائیداری کے اصولوں کو اپنی ترقی کی حکمت عملیوں میں مربوط کرتے ہوئے، دبئی پائیدار شہری ترقی میں عالمی سطح پر سب سے آگے رہنے کے لیے کوشاں ہے۔ عزت مآب نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کو ماحولیاتی استحکام اور مستقبل کے چیلنجوں کے لیے لچک کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے شہر کی لگن پر زور دیا۔ عزت مآب نے مزید کہا کہ اس متوازن نقطہ نظر کے ساتھ، دبئی دنیا بھر کے شہروں کے لیے ایک معیار قائم کرنے کی خواہش رکھتا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح پائیدار طرز عمل خوشحالی اور معیار زندگی کو بہتر بناتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کوششوں میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
عزت مآب نے کہا کہ نئی اتھارٹی کو پائیدار ترقی اورحیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے اعلیٰ معیارات کو یقینی بنا کر دبئی کی مستقبل کی تیاریوں کو بڑھانے کا کام سونپا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی نے خود کو 2033 تک ماحولیاتی اور وسائل کی پائیداری کے اہم اشاریوں میں دنیا کے ٹاپ 10 شہروں میں سے ایک بننے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
نیا ادارہ دبئی میں قدرتی وسائل کی پائیداری کو مضبوط بنانے، مقامی وسائل کے استعمال کو بہتر ،امارات کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحول دوست معیشت کی ترقی کو تیز کرنے اور کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے کے لیے اسٹریٹجک پروگرام پر عملدرآمد کرائے گا۔
اتھارٹی فیصلہ سازوں کو ترقیاتی پالیسیاں بنانے، منصوبہ بندی کے عمل اور سٹریٹجک کارکردگی کے میٹرکس میں بھی مدد کرے گی تاکہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ،موسمیاتی تبدیلیوں میں تخفیف، اور غذائی تحفظ کو بہتر بنایا جا سکے۔
دبئی انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج اتھارٹی امارت کے ماحولیاتی اہداف میں پیش رفت کے لیے اس کی سبز جگہوں کو 100 فیصد تک بڑھانا اور محفوظ علاقوں اور قدرتی ذخائر کے رقبے کو 2040 تک 60 فیصد تک بڑھانا چاہتی ہے۔ مزید یہ کہ وہ آبی وسائل کے تحفظ کو ترجیح دے گی۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔ اتھارٹی امارت کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کے لیے لچکدار منصوبے متعارف کرائے گی جو ماحول دوستی اور پائیداری کے اصولوں کو مربوط کرتے ہیں۔ان اقدامات کامقصد کمیونٹی کو حادثات، آفات اور قدرتی آفات کے منفی اثرات سے بچانا ہے۔
اتھارٹی کے شعبے دبئی کے اسٹریٹجک ماحولیاتی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے تیار کیے گئے اقدامات اور پالیسیوں پر محیط ہیں، جن میں 2050 تک صاف توانائی کی طرف 100 فیصد تبدیلی اور 2033 تک عالمی ادارہ صحت کے رہنما خطوط کے مطابق ہوا کے معیار میں 90 فیصد اضافہ شامل ہے۔
دبئی کے اقتصادی ایجنڈا ڈی33 کے مقاصد سے ہم آہنگ، دبئی انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام کا ایک مقصد امارات کے جی ڈی پی میں سرکلر اور گرین اکانومی کے تعاون کو بڑھانا ہے۔ مزید برآں، اتھارٹی گرین فنانس کے اقدامات کو مزید فروغ دے گی اور مالیاتی شعبے اور بینکوں کو اہم مالیاتی اور اقتصادی تنظیموں کے ساتھ مل کر ماحول دوست منصوبوں کو ترجیح دینے اور اس کی حمایت کرنے کی ترغیب دے گی۔
ترجمہ۔تنویرملک