ابوظبی، 25 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں پہلی بار مقبوضہ غزہ کی پٹی میں "فوری جنگ بندی" کی قرارداد کی منظوری کا پرزور خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ قرارداد پر عمل درآمدسے مستقل جنگ بندی ممکن ہوسکے گی۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد بحران کے خاتمے اور برادر فلسطینی عوام کے مصائب کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور انسانی امداد کی فوری، محفوظ، پائیدار اور بلا روک ٹوک ترسیل اور یرغمالیوں کی رہائی میں سہولت فراہم کرے گی۔
متحدہ عرب امارات نے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے دو ریاستی حل کے حصول کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات غزہ میں انسانی مصائب کے خاتمے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
ترجمہ: ریاض خان