بڈاپست، 2 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے بڈاپسٹ کے دورے کے دوران ہنگری کے خارجہ امور اور تجارت کے وزیر پیٹر سیجارتو سے ملاقات کی۔ ہنگری کے وزیر خارجہ نے انکے دورے کا خیرمقدم کیا۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے ان کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور ہنگری کے درمیان تعاون کے پہلوؤں اور انہیں تمام شعبوں میں اس طرح ترقی دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ ہو۔
انہوں نے مشترکہ تشویش کے مسائل کا بھی جائزہ لیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو آگے بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جو دونوں ممالک کے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ مارچ میں طے پانے والے اقتصادی تعاون کے معاہدے کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اس پر تعمیر کی اہمیت پر بھی بات کی۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے متحدہ عرب امارات اور ہنگری کے گہرے تعلقات کی تصدیق کرتے ہوئے پائیدار مشترکہ تعاون کے ایک ماڈیول کو مستحکم کرنے کے لیے اپنی باہمی خواہش کو اجاگر کیا جو ان کے عوام کے لیے جامع ترقی کے حصول کے لیے ان کے مقاصد کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگری متحدہ عرب امارات کے لیے ایک اہم پارٹنر ہے اور انہوں ہنگری کے عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شیخ عبداللہ اور ہنگری کے وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں حالیہ پیش رفت اور غزہ کی پٹی میں انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا او، ایک پائیدار جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا جو تمام شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کے لیے معاون ہے۔
شیخ عبداللہ نے انسانی امداد کو محفوظ، بھرپور، پائیدار اور بلا روک ٹوک پہنچانے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کو تقویت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ہنگری کےوزیر نے شیخ عبداللہ بن زاید اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اعزاز میں افطار کا اہتمام کیا۔ ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی امور کے معاون وزیر خارجہ سعید مبارک الحجیری اور ہنگری میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعود حمد الشمسی نے شرکت کی۔
ترجمہ: ریاض خان