اوپیک پلس کا تیل کی موجودہ پیداوار برقرار رکھنے پر اتفاق

ویانا، 3 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور اس کے اتحادی اوپیک پلس کی مشترکہ وزارتی نگرانی کمیٹی کے 53 ویں اجلاس کے شرکاء نے تیل کی موجودہ پیداوار برقرار رکھنے پر اتفاق کیاہے۔

ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والے اجلاس کے دوران نگران کمیٹی نے جنوری اور فروری 2024 کے لیے خام تیل کی پیداوار کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا اور تعاون کے اعلامیہ کے اوپیک اور غیر اوپیک ممالک کی شرکت کی تصدیق کی۔ نگران کمیٹی نے عراق اور قازقستان کے مکمل تعمیل کے ساتھ ساتھ زائد پیداوار کی تلافی کے عہد کا خیرمقدم کیا۔

کمیٹی نے روس کے اس اعلان کا بھی خیر مقدم کیا کہ 2024 کی دوسری سہ ماہی میں اس کی رضاکارانہ ایڈجسٹمنٹ برآمدات کی بجائے پیداوار پر مبنی ہوں گی۔ مشترکہ وزارتی نگرانی کمیٹی نے کہا کہ جنوری، فروری اور مارچ 2024 کے مہینوں کے لیے بقایا زائد پیداوار والے ممالک 30 اپریل 2024 تک اپنے تفصیلی معاوضے کے منصوبے اوپیک سیکرٹریٹ کو جمع کرائیں گے۔

کمیٹی نے نوٹ کیا کہ وہ 4 جون 2023 کو منعقدہ 35 ویں او این او ایم ایم میں طے شدہ پیداواری ایڈجسٹمنٹ اور اپریل 2023 میں کچھ شریک اوپیک اور شریک غیر اوپیک ممالک کی طرف سے اعلان کردہ اضافی رضاکارانہ پیداواری ایڈجسٹمنٹ اور نومبر 2023 اور فروری 2024 میں بعد میں ایڈجسٹمنٹ کی مطابقت کی نگرانی جاری رکھے گی۔

کمیٹی نے مزید کہا کہ وہ مارکیٹ کے حالات کا باریک بینی سے جائزہ جاری رکھے گی ۔ کمیٹی نےمارکیٹ کی پیشرفت سے نمٹنے کے لیے ڈی او سی ممالک کی رضامندی اور اوپیک اور غیر اوپیک ممالک کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی بنیاد پر کسی بھی وقت اضافی اقدامات کرنے کی تیاری کو نوٹ کیا۔

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور اس کے اتحادی اوپیک پلس کی مشترکہ وزارتی نگرانی کمیٹی کا اگلا اجلاس یکم جون 2024 کو ہوگا۔

ترجمہ: ریاض خان