نیویارک، 3 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تحفظ کے طریقہ کار (سی ایس ایم) کے ساتھ 1.2 ملین ڈالر کی نئی شراکت کا اعلان کیا ہے۔
اس شراکت داری میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے دو سالہ سالانہ 600,000 ڈالر کا تعاون شامل ہے جو اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی، امن اور سلامتی کے درمیان باہمی روابط کو حل کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے قوم کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات گلوبل ساؤتھ کا پہلا ڈونر ملک ہے جس نے سی ایس ایم میں تعاون کیا۔
توانائی کی منتقلی اور پائیداری کے امور کے معاون وزیر عبداللہ بالا نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے علاقائی اور عالمی امن، انصاف کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور کوپ28 کی متحدہ عرب امارات کی صدارت کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے بے پناہ خطرات سے نمٹنے کی مسلسل کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم عالمی مسائل کے حل کے لیے فعال سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے اپنے عزم میں ایک اور اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تحفظ کے طریقہ کار کے ساتھ یہ شراکت داری دنیا بھر میں اہم موسمیاتی امن اور سلامتی کے پروگرامنگ کی حمایت کرتے ہوئے کثیر الجہتی نظام کے لیے ہماری حمایت کو تقویت دیتی ہے۔
اس شراکت داری کے ایک حصے کے طور پر متحدہ عرب امارات افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن میں موسمیاتی سلامتی کے مشیر کے عہدے کے لیے فنڈز فراہم کرے گا جس کا مقصد موسمیاتی تحفظ سے متعلق خطرات کا جائزہ لینا اور خطرات سے بچاؤ اور انتظامی حکمت عملیوں کو تیار کرنے میں مدد کرنا ہے۔
اس اقدام میں خود سی ایس ایم کے لیے فنڈنگ بھی شامل ہے جس سے ماحولیاتی، امن اور سلامتی کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت میں ہمہ گیر استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے نائب مستقل نمائندےمحمد ابوشہاب نے کہاکہ افغانستان دنیا میں آب و ہوا کے خطرے سے دوچار 10 سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔
افغانستان پانی کی قلت، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا کر رہا ہے جس کی ملک کے پاس بہت کم صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ پالیسیوں اور آب و ہوا کے موافقت کے اقدامات بڑھانے سے خوراک کی عدم تحفظ کو دور کرنے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والی انسانی ضروریات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہماری شراکت آب و ہوا، امن اور سلامتی کو آگے بڑھانے اور موسمیاتی موافقت کو فروغ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کے طویل مدتی عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افغانستان اور اس کے عوام بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کے استحکام اور خوشحالی کے لیے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل لگن کے مطابق ہے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی اور امن سازی امور روزمیری ڈی کارلونے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ متحدہ عرب امارات اب کلائمیٹ سیکورٹی میکانزم کا حصہ ہے۔ یہ شراکت داری عالمی آب و ہوا، امن اور سلامتی کے اقدامات بشمول افغانستان کے لیے مثبت اثرات کا وعدہ کرتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کوپ28 موسمیاتی، ریلیف، بحالی اور امن اعلامیہ کو نافذ کرنے کے لیے سیاسی اور امن سازی کے امور کے محکمے اور موسمیاتی تحفظ کے طریقہ کار کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کے نظام اور پوری دنیا میں موسمیاتی، امن اور سلامتی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمہ: ریاض خان