ابوظبی، 4 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ عالمی تجارت، لاجسٹکس اور صنعت کےاہم سہولت کار اے ڈی پورٹس گروپ نے جنرل کمپنی فار پورٹس آف عراق (جی سی پی آئی ) کے ساتھ الفا گرینڈ پورٹ اور اکنامک زون کی تعمیرمیں تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
معاہدے کی شرائط کے تحت دونوں فریق الفا گرینڈ پورٹ اور اس کے اقتصادی زون کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں کسی بھی توسیع کے لیے ایک مشترکہ منصوبہ قائم کریں گے۔ اس معاہدے میں عراق کے دیگر شہروں میں ممکنہ سرمایہ کاری، انتظام اور بندرگاہوں، اقتصادی زونز اور متعلقہ انفراسٹرکچر بھی شامل ہیں۔
معاہدے پر عراق کے وزیر ٹرانسپورٹ رزاق محبس السعادوی اور وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی موجودگی میں اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او کیپٹن محمد جمعہ الشمیسی اور عراق کی بندرگاہوں کی جنرل کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر انجینئر فرحان محسن الفارتوسی نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ مفاہمت کی ایک یادداشت کے بعد کیا گیا ہےجس پر ستمبر 2021 میں دونوں فریقوں نے دستخط کیے تھے اور اس کے بعد کے ضمیمے پر اگست 2023 میں دستخط کیے گئے تھے ۔ یہ منصوبہ بین الاقوامی ٹرمینل آپریٹرز کو راغب کرنے، عالمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور تجارتی سمندری راہداریوں کو تیار کرنے کے لیے دونوں اداروں کی مہارت کو اکٹھا کرنے کے لیے ہے جس سے عراق کی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
ابتدائی معاہدے کا مقصد الفا پورٹ اور اکنامک زون کے لیے ضروری مہارت فراہم کرنا ہے اورجدید انتظام اور آپریٹنگ ماڈلز کا استعمال کرتے ہوئے منصوبےکی ترقی، فنانسنگ، انتظام، آپریٹنگ اور دیکھ بھال کے طریقہ کار کا مطالعہ کرنا ہے تاکہ مجموعی طور پر کارکردگی اور آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری لائی جاسکے۔ دونوں فریق سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گے اور عراق کی بندرگاہوں کے لیے جنرل کمپنی کے تحت بندرگاہوں، اقتصادی زونز اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق ضروری فزیبلٹی اسٹڈیز کریں گے۔
عراق کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ الفاؤ گرینڈ پورٹ اور اکنامک زون کا منصوبہ عراقی حکومت کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے جو متحدہ عرب امارات اور اے ڈی پورٹس گروپ میں ہمارے شراکت داروں کے تعاون سے اس منصوبے کو اعلیٰ ترین عالمی معیارات کے مطابق نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری حل فراہم کیے ہیں جس کا مقصد مقامی اور علاقائی معیشتوں میں نمایاں طور پر حصہ ڈالنا ہے۔
وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہاکہ عراق کی بندرگاہوں کے لیے اے ڈی پورٹس گروپ اور جنرل کمپنی کے درمیان معاہدہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے ہماری دانشمندانہ قیادت کی ہدایات کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدےکا مقصد کاروبار اور نجی شعبوں کے لیے باہمی ترقی کے پلیٹ فارمز کے قیام کی طرف تعاون کے مواقع کی تلاش کے ذریعے اہم صنعتوں میں باہمی فائدے کو آگے بڑھانا ہے۔
عراق کی بندرگاہوں کے لیے جنرل کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ ہم اے ڈی پورٹس گروپ کے ساتھ تعاون کے ایک اور مرحلے کا آغاز کر رہے ہیں جو ہماری بندرگاہوں اور اقتصادی زونز کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ایک مشترکہ آپریشنل پالیسی بنائیں گے جس میں پروجیکٹ کے فزیبلٹی اسٹڈی کے نتائج کو پورا کرنے کے لیے اہم بین الاقوامی شپنگ لائنوں کے ساتھ شراکت داری شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مشرقی اور مغرب کے درمیان تجارتی لائنوں کو جوڑنے والے بندرگاہ کے اسٹریٹجک مقام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع کو کھولیں گے جو ہماری قوم کی خوشحالی میں حصہ ڈالیں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او اے ڈی پورٹس گروپ کیپٹن محمد جمعہ الشمیسی نے کہاکہ ہمیں عراقی وزارت ٹرانسپورٹ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو تقویت دینے پر خوشی ہےجس کی نمائندگی جنرل کمپنی فار پورٹس آف عراق کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تعاون کی توسیع دونوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ دونوں ممالک کا تعاون سٹریٹجک عالمی تجارت اور لاجسٹکس کی ترقی کے لیے ہماری دانشمندانہ قیادت کے وژن کے مطابق ہےجو خطے اور اس سے باہر اقتصادی ترقی اور تنوع کو مزید فروغ دیتا ہے۔
ترجمہ: ریاض خان