ابوظہبی کے نجی شعبے کا حجم8 سالوں میں 35 فیصد اضافے سے338ارب90 کروڑ درہم تک پہنچ گیا

ابوظہبی، 4 اپریل 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی کے محکمہ اقتصادی ترقی( اے ڈی ڈی ای ڈی) نے نجی شعبے اور خاندانی ملکیتی دفاتر کے ساتھ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے ابوظہبی سرمایہ کاری دفتر ( اے ڈی آئی او) کے اشتراک سے الملتقی کے دوسرے ایڈیشن کے سہ ماہی اجلاس کا انعقا د کیا جس میں کاروباری برادری کو امارت کی معیشت اور 2023 میں حاصل ہونے والی اقتصادی کامیابیوں اورمستقبل کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں شروع کی گئی الملتقی میٹنگز سرمایہ کاری کے فروغ کے یے جاری بات چیت اور امارت کے کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کرتے ہوئے ابوظہبی کو اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

2023 میں، نجی شعبے میں مستحکم ترقی کا رجحان جاری رہا اور اس کا مجموعی حجم2016 کے مقابلے میں 35 فیصداضافے کے ساتھ 338ارب90کروڑ درہم ہوگیا۔ نجی شعبے اور خاندانی ملکیت والے کاروباروں کے تعاون سے، ابوظہبی کے غیر تیل شعبہ ہر سال مستحکم ہورہاہے اور2023 کے دوران9.1 فیصد شرح نمو اور610 ارب درہم کے ساتھ اس کا مجموعی ملکی پیداوار( جی ڈی پی) میں53.4 فیصدرہا۔

اے ڈی ڈی ای ڈی کے چیئرمین، احمد جاسم الزعابی نے الملتقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مشترکہ کوششوں کی اہمیت ابوظہبی کی ترقی کے اشاریوں سے ظاہر ہوتی ہے۔ عالمی چیلنجوں کے باوجود اس مضبوط کارکردگی کو حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جو ہماری 'فالکن اکانومی' کے استحکام ،لچک اور نئی بلندیوں تک پہنچنے کی صلاحیت کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے حاصل کردہ تجربے کی مدد سے، ابوظہبی میں نجی شعبے اور خاندانی ملکیت والے کاروبار اقتصادی تنوع میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور سب سے زیادہ ترقی کرنے والے غیر تیل کے شعبوں میں ان کا حصہ نمایاں ہے۔

ابوظہبی کے تعمیراتی شعبے میں 50 فیصد کمپنیوں کا تعلق خاندانی ملکیتی کاروبارسے ہے جس کا حجم2022 کے مقابلے میں 13.1 فیصد اضافے سے 2023 میں97ارب درہم تک پہنچ گیاہے۔فنانس سیکٹر میں فیملی بزنس کا حصہ 60 فیصد ہے جس کا حجم 25.5 فیصداضافے سے 79ارب درہم ،ہول سیل تجارت میں اس کا حصہ 80 فیصد ہے جو7.9 فیصدترقی کے ساتھ 63 ارب درہم اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خاندانی ملکیتی کاروبارکا حصہ 70 فیصد ہے جس میں گزشتہ سال کے دوران 17.1 فیصد اضافہ ہوا۔

الزعابی نے بتایا کہ پہلے اجلاس ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات کی کامیابی میں خاندانی دفاتر اور نجی شعبے کے اہم کردار کو سراہا گیا۔

شماریاتی مرکز ابوظہبی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل عبداللہ غریب القمزی نے اجلاس کے دوران گزشتہ 10 سالوں کے دوران امارت کی اقتصادی کارکردگی کے بارے میں جامع پریزنٹیشن دی، جس میں 2014 کے مقابلے میں غیر تیل کی جی ڈی پی 28.5 فیصد اضافہ کے ساتھ 474ارب 60کروڑ درہم سے 2023 میں 610 ارب درہم تک جبکہ اس مدت میں مجموعی حقیقی جی ڈی پی 19 فیصد اضافے سے 960ارب10کروڑ درہم سے 11کھرب40ارب درہم ہوگئی۔

ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے المساطح پروگرام نے نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے متعدد مواقع فراہم کیے انویسٹمنٹ آفس نے امارت کے مختلف شعبوں میں کھیلوں کے میدان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی اعلان کیا ہے۔

ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس نے Dustour Marine Wooden Boats Trading Est کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت شہری، سماجی، تفریحی، اور اقتصادی توسیعی منصوبوں کے مطابق امارت کی ساحلی ترقی میں معاونت کے لیے ایک نیا جدید ترین پروجیکٹ قائم کیا جائے گا۔


ترجمہ۔تنویرملک