دو افریقی مانیٹیز کو نیشنل ایکویریم ابوظہبی منتقل کردیا گیا

ابوظبی، 4 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ دو افریقی مینیٹیز کو ماہرین کی ایک ٹیم کے ہمراہ جنوبی کوریا کے دارلحکومت سیول سے نیشنل ایکویریم ابوظہبی منتقل کردیا گیا ہے۔ افریقی مانیٹیز انتہائی نایاب ہیں اور دنیا بھر میں صرف چند سہولیات ہی ان کی دیکھ بھال کر سکتی ہیں۔

نیشنل ایکویریم جسے اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہےان مانیٹیزکو افریقہ میں ان کے قدرتی رہائش گاہ جیسا ماحول فراہم کر سکتا ہے۔ یہ اقدام سمندری تحفظ کی کوششوں کی حمایت اور آبی حیات کے عجائبات کی تعریف کرنے کے وسیع تر عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر عمل کرنے اور مطلوبہ طبی اور حفاظتی پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے ایکویریم کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ سفر کے ہر مرحلے پر ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیےان نایاب آبی جانوروں کی کڑی نگرانی کی گئی۔ یشنل ایکویریم مینٹیز کو پرورش کا ماحول فراہم کرے گا جو ان کے قدرتی رہائش گاہ سےقریب ترین ہے۔

نیشنل ایکویریم کے جنرل مینیجر پال رابرٹ ہیملٹن نے کہاکہ بین الاقوامی معیارات پر عمل کرنے کا ہمارا عزم اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ یہ شاندار مخلوق ایک ایسے ماحول میں پروان چڑھے گی جو ان کی حفاظت، خوشی اور مجموعی صحت کو ترجیح دیتا ہے۔

سمندری تحفظ کو فروغ دینے اور نایاب اقسام کے بارے میں بیداری بڑھانے کے اپنے وسیع تر مشن کے مطابق نیشنل ایکویریم ابوظہبی نے مغربی افریقہ میں مانیٹیز کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرنے والے منصوبوں کی حمایت کے لیے افریقی آبی تحفظ کے فنڈ میں تعاون کیا ہے۔

ایکویریم افریقی کاریگروں کے ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء فروخت کرے گا جس کی آمدنی کا ایک حصہ محمد بن زاید اسپیسز کنزرویشن فنڈ کے ذریعے افریقی آبی تحفظ فنڈ کے ساتھ شراکت میں نایاب اقسام کو ان کے قدرتی طور پر محفوظ ماحول میں رکھنے میں مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اپنے مالی تعاون کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکویریم بحری تحفظ کے بارے میں سیاحوں اور عوام کو آگاہ کرنے اور ان کی ترغیب دینے کے لیے تعلیمی پروگراموں کی فعال طور پر حمایت کرتا ہے۔

ان اقدامات کے ذریعے ایکویریم کا مقصد سمندروں اور ان کی متنوع انواع کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ محمد بن زید اسپیسز کنزرویشن فنڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل نکولس ہرڈ نے کہاکہ فنڈ اس دلچسپ اقدام پر نیشنل ایکویریم اور افریقن ایکویٹک کنزرویشن فنڈ کے ساتھ شراکت کرنے پر بہت خوش ہے۔

یہ تعاون ابوظہبی کی طرف سے خصوصی اور انتہائی خطرے سے دوچار مغربی افریقی مانیٹیوں کے قدرتی رہائش گاہوں کے تحفظ کے لیے مالی مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے ہم تحفظ کے منصوبوں کو فنڈ دے سکتے ہیں اور اس منفرد نوع کے طویل مدتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی صلاحیتیں بنا سکتے ہیں۔

افریقی آبی تحفظ فنڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوسی کیتھ ڈائیگن نے کہاکہ مجھے افریقی آبی تحفظ فنڈ اور نیشنل ایکویریم ابوظہبی کے درمیان تعاون کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس کا مقصد سمندری حیات کی حفاظت کرنا ہے۔ یہ شراکت حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور اہم سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے ہماری وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس مشترکہ کوشش میں ابوظہبی میں نیشنل ایکویریم کو ایک قابل قدر پارٹنر سمجھتے ہیں اور ہم ایسے مثبت نتائج کے حصول کے لیے پر امید ہیں جس سے سمندری ماحولیاتی نظام اور خطے اور اس سے باہر کی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچے گا۔

نیشنل ایکویریم عیدالفطر کے پہلے دن عوام کیلئے کھول دیا جائے گا تاکہ وہ ماہرین سے ان نایاب آبی حیات کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے ماناتیوں کی خوبصورتی کا مشاہدہ کرسکیں ۔ ایکویریم سمندروں کے لیے پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کی اہمیت اور زمین کی حفاظت میں ہر فرد کے کلیدی کردار کو بھی اجاگر کرے گا۔

ترجمہ: ریاض خان