دبئی، 15 اپریل، 2024 (وام)۔۔ محمد بن راشد خلائی مرکز (ایم بی آر ایس سی) نے ناسا کے ہیومن ایکسپلوریشن ریسرچ اینالاگ(ایچ ای آر اے) مہم 7 مشن 2 کے تحت امارات کے اینالاگ پروگرام کی دوسری اسٹڈی کے لیے اماراتی عملے کے رکن شریف الرميثی کے انتخاب کیا ہے۔
زمین پر چار مراحل پر مشتمل فیز اینالاگ تحقیق کا دوسرا دور 10 مئی سے شروع ہوگا، جس میں الرميثی ،جیسن لی، اسٹیفنی ناوارو اور پیومی وجیسیکرا کے ساتھ ہیوسٹنمیں ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر میں ایچ ای آر اے کے تیار کردہ اس مقام میں داخل ہوں گے،ٹیم 24 جون کو باہر نکلنے سے پہلے 45 دن تک اس سہولت کے اندررہتے ہوئے مختلف مشن سرانجام دے گی۔
ایچ ای آر اے ایک منفرد تین منزلہ عمارت ہے جس میں زمین پر خلائی ماحول پیدا کیا گیاہے،یہ سائنسدانوں کے لیے اس بات کی تحقیق کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے کہ خلائی عملے کے ارکان چاند، مریخ اور اس سے آگے کے خلائی مشنز پر جانے سے پہلے کس طرح تنہائی اور دور دراز کے حالات سے مطابقت رکھ سکتے ہیں۔ عملے کے ارکان مریخ کے حوالے سے اپنے مصنوعی مشن کے دوران سائنسی تحقیق اور آپریشنل امور انجام دیں گے،جس میں ورچوئل رئیلٹی کا استعمال کرتے ہوئے مریخ کی سطح پر چہل قدمی بھی شامل ہے۔
متحدہ عرب امارات مستقبل کے قمری اور مریخ کے مشنز کے لیے زمین پر سائنسی تحقیق کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ چار مرحلوں پر مشتمل اینالاگ میں انسانی صحت کے حوالے سے 18 نکات پر تحقیق کی جائے گی، جو عملے کے ارکان کے جسمانی اور نفسیاتی ردعمل کو سمجھنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جس کا طویل دورانیے کے خلائی مشنز میں سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایم بی آر ایس سی سالم حمید المری نے اس حوالے سے کہا کہ ہمیں ایچ ای آر اے کے مقام پر متحدہ عرب امارات کے اینالاگ پروگرام کے دوسری اسٹڈی کے لیے شریف الرمیثی کے انتخاب کے اعلان پرخوشی ہے، جو کہ خلائی تحقیق کے لیے متحدہ عرب امارات کے وژن کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ اس مشن سے ہم زمین پر تجربات کے ذریعے طویل مدتی خلائی سفر کے جسمانی اور نفسیاتی چیلنجز کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کو اس سفر کا حصہ بننے پر فخر ہے، اور ہم جو ممکن ہے اس کی حدود کو آگے بڑھاتے اور آنے والی نسلوں کو خلائی شعبے کا حصہ بننے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔
پائلٹ شریف الرميثی کا ایئر لائن انڈسٹری میں 16 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے، جس میں متعدد ایئربس اور بوئنگ طیاروں پر 9,000 سے زیادہ گھنٹوں کی پرواز شامل ہے۔
الرميثی رواں سال ایچ ای آر اے میں اینالاگ تحقیق میں حصہ لینے والے رضاکاروں کے دوسرے گروپ کا حصہ ہے۔ یو اے ای اینالاگ پروگرام کی دوسری اسٹڈی کا پہلا مرحلہ 11 مارچ 2024 کو مکمل ہوا۔ تیسرا اور چوتھا مرحلہ بالترتیب 9 اگست اور 1 نومبر کو شروع ہوگا۔
ترجمہ۔تنویرملک