مصنوعی ذہانت اورلائف سائنسز کے شعبوں میں 3 سے4ارب درہم مالیت کے منصوبے زیر تعمیرہیں: سی ای او مصدر سٹی

ابوظہبی، 16 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ مصدر سٹی کے سی ای او احمد باغوم نے کہاکہ3 سے 4 ارب درہم مالیت کی سرمایہ کاری کے توانائی،مصنوعی ذہانت،خلا، لائف سائنس اور زرعی شعبوں سے متعلقہ منصوبے ڈیزائننگ کے مرحلے میں ہیں۔

ابوظہبی فیوچر انرجی کمپنی (مصدر) کے زیر اہتمام ورلڈ فیوچر انرجی سمٹ کے پہلے دن کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام )کو دیے گئے بیان میں باغوم نے کہا کہ مصدر سٹی میں اس وقت زیر تعمیر منصوبوں کی کل مالیت تقریباً 1 ارب درہم ہے، جن میں2025 کے وسط میں مکمل ہونے والے مصدر سٹی کمپلیکس اور 'دی لنک'سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مصدرسٹی اس وقت توانائی،اے آئی، خلائی، لائف سائنسز اور زراعت سمیت اہم شعبوں پر توجہ دے رہا ہے اور یہ تمام شعبے بالخصوص ابوظہبی اور بالعموم متحدہ عرب امارات کے لیے اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مصدر سٹی میں تحقیقی مراکز کو منتقل کرنے اور قائم کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصدرسٹی ایک عالمی معیار کا کاروباری اور ٹیکنالوجی کا مرکز ہے، جو اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارات کے مطابق کام کررہا ہے۔

یہ کمپنیوں کو فوائد اور مراعات کا زبردست پیکج پیش کرتا ہے،جن میں مکمل غیر ملکی ملکیت، انکم ٹیکس سے چھوٹ اور غیر محدود کرنسی ایکسچینج شامل ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک