دبئی، 16 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا ہےکہ متحدہ عرب امارات میں شدید موسمی حالات کے باعث دبئی انٹرنیشنل پرایئر لائن کی سرگرمیاں نمایاں طور پر متاثر ہوئیں۔
ترجمان کےمطابق فلائی دبئی کی بہت سی پروازیں منسوخ کر دی گئیں یا بڑے پیمانے پر انہیں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔ موسم کی شدید صورتحال رات بھر جاری رہی۔
فلائی دبئی کی تمام پروازیں جو (16 اپریل) کی شام دبئی سے روانگی کے لیے طے کی گئی تھیں 17 اپریل کی رات 10 بجے (دبئی کے مقامی وقت) تک فوری طور پر منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم صورتحال پرنظر رکھے ہوئے ہیں اور اس کے مطابق اپنے شیڈول کو اپ ڈیٹ کریں گے۔
اس سے ہمیں آپریشنل تسلسل کو زیادہ موثر طریقے سے بحال کرنے اور جہاں ممکن ہو نیٹ ورک سے آنے والی پروازوں کو ایڈجسٹ کرنے میں آسانی ہوگی۔ ترجمان کاکہنا تھا کہ جن مسافروں کی بکنگ منسوخ ہو چکی ہے انہیں مکمل رقم کی واپسی کی پیشکش کی جائے گی۔
ہماری کسٹمر سروس ٹیمیں مسافروں کے سفری شیڈول میں رکاوٹ کو کم سے کم کرنے کے لیے انتہائی محنت کر رہی ہیں۔ ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہمیشہ ہماری ترجیح ہے۔ انکا کہناتھاکہ خراب موسم کے نتیجے میں ہونے والی تکلیف کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔
ترجمہ: ریاض خان