ابوظبی، 17 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کےصدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور کوسٹا ریکا کے صدر روڈریگو چاویز روبلز نے ایک ورچوئل تقریب کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی اور کوسٹا ریکا کے وزیر برائے خارجہ تجارت مینوئل توار نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرتا ہے۔ اس سے تجارتی تبادلے، نجی شعبے کے تعاون میں میں اضافہ ہوگااور کئی شعبوں خاص طور پر ترجیحی شعبوں جیسے لاجسٹک، توانائی، ہوا بازی، سیاحت، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔
یہ متحدہ عرب امارات کے نئے غیر ملکی تجارتی ایجنڈے کے تحت دستخط کیے جانے والا تازہ ترین معاہدہ ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں تجارتی شراکت داروں کے ملک کے نیٹ ورک کو وسعت دینا، برآمدات کے لیے نئی منڈیاں قائم کرنا اور تجارتی سہولت کار اور عالمی گیٹ وے کے طور پر متحدہ عرب امارات کی حیثیت کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات اور کوسٹا ریک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے ایک نئے باب کے طور پر معاہدے کا خیرمقدم کیا جس میں 2023 میں غیر تیل کی تجارت 65 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی جو 2022 کے مقابلے میں 7 فیصد اور 2021 کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی تعاون کے لیے تجارت کی اہمیت خاص طور پر محفوظ، لچکدار سپلائی چین اور عالمی مسائل جیسے کہ ماحولیاتی تبدیلی اور خوراک کی حفاظت پر دباؤ ڈالنے کے حل کے حصول پر بھی روشنی ڈالی۔
اماراتی صدر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ان اقوام کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہے جو عالمی آبادی کی بہتری کے لیے آگے کی سوچ رکھنے والی اقتصادی ترقی کو ترجیح دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ ایک ایسےملک کے ساتھ تعلقات کو گہرا کرنے اور تعاون کو فروغ دے کر اس وژن کی مثال دیتا ہے جو متحدہ عرب امارات کی طرح، جدت، پائیداری اور تنوع کو اپنے اقتصادی روڈ میپ میں سب سے آگے رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات توقع کرتا ہے کہ یہ معاہدہ ترجیحی شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو متحرک کرے گا اور دونوں ممالک کو ان کے متعلقہ کاروباروں اور لوگوں کے لیے مشترکہ اقتصادی کامیابی اور خوشحالی کی طرف لے جائے گا۔
کوسٹا ریکا کے صدر روڈریگو چاویز روبلز نے کہاکہ میں کوسٹا ریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کرنے پر بہت خوش ہوں۔ کوسٹا ریکا اور مشرق وسطیٰ کے کسی ملک کے درمیان یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جو ہماری انتظامیہ کے نئی منڈیوں میں توسیع کے اسٹریٹجک مقصد کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہاکہ مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ اقتصادی شراکت داری تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع کو کھول دے گی جس سے ہمارے لوگوں کی خوشحالی میں اضافہ ہو گا۔
ترجمہ: ریاض خان