پہلے خصوصی اولمپکس گلف بیڈمنٹن مقابلے ابوظہبی میں اختتام پذیر

ابوظہبی، 13 مئی، 2024 (وام) ۔۔ پہلے اسپیشل اولمپکس گلف بیڈمنٹن مقابلے-ابوظہبی 2024 خلیفہ یونیورسٹی میں ایوارڈ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔

9 سے 12 مئی تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا انعقاد اسپیشل اولمپکس مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ اور اسپیشل اولمپکس یو اے ای کے تعاون سے کیا گیا تھا۔

اسپیشل اولمپکس عمان کے عبداللہ النوبی نے ڈویژن ون میں مردوں کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اسپیشل اولمپکس یو اے ای کے حسن علی البلوشی نے ڈویژن ٹو ​​میں طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ اسپیشل اولمپکس بحرین کے محمود غلوم ڈویژن تھری میں سرفہرست رہے۔

خواتین مقابلوں میں اسپیشل اولمپکس سعودی عرب کی شهد عبداللہ نے ڈویژن ون میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ اسپیشل اولمپکس کویت کی شیخہ الہندی اوراسپیشل اولمپکس یو اے ای کی زکیہ احمد عباس نے بالترتیب ڈویژن ٹو ​​اور تھری میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

ڈبل مقابلوں میں سپیشل اولمپکس عمان کے عبداللہ النوبی اورفواز فرج نے ویژن ون کے لیے طلائی تمغہ جیتا جبکہ سپیشل اولمپکس یو اے ای حسن علی البلوشی اور زاد علی الکعبی ڈویژن ٹو ​​میں سرفہرست رہے۔

خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں اسپیشل اولمپکس یو اے ای کی زکیہ احمد عباس اورزلیخہ غریب المنصوری نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

اسپیشل اولمپکس یو اے ای کے نیشنل ڈائریکٹر طلال الہاشمی نے کہا کہ، "ہمیں خلیج بھرسے چھ اسپیشل اولمپکس وفود کی میزبانی پرخوشی اور اسپیشل اولمپکس کے پہلے خلیجی بیڈمنٹن مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر فخر ہے۔ میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔"

ان مقابلوں میں سعودی عرب، عمان، قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کے اسپیشل اولمپکس پروگرامز کے وفود نے شرکت کی، جس کی میزبانی پہلی بار متحدہ عرب امارات نے کی۔ اختتامی تقریب میں اسپیشل اولمپکس یو اے ای کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبر محمد النعیمی نے فاتح کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا۔ اسپیشل اولمپکس یو اے ای اگلے عالمی سرمائی کھیلوں کی تیاری کر رہا ہے، جو اٹلی کے شہر ٹورین میں 8 تا 16 مارچ 2025 تک منعقد ہوں گے،جن میں دنیا بھر سے 2ہزار 500سے زیادہ مرد اور خواتین ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔